خانیوال بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ گھپلے، مریم نواز کا ٹھیکیدار کی گرفتاری اور سابق ڈی سی کو شامل تفتیش کرنے کا حکم

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خانیوال کے بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈوانس ادائیگی حاصل کرکے فرار ہونے والے ٹھیکیدار کی فوری گرفتاری اور رقم کی ریکوری کا حکم دے دیا ہے، جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر خانیوال کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خانیوال کے اکبر بازار بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ گھپلوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ٹھیکیدار کو پیشگی ادائیگی کیے جانے کے معاملے پر سابق ڈپٹی کمشنر خانیوال کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کی فوری گرفتاری اور ادا کی گئی رقم کی ریکوری کا حکم دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق خانیوال کے اکبر بازار کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کا ٹھیکیدار ایڈوانس ادائیگی وصول کرنے کے بعد فرار ہوگیا، جبکہ منصوبے کی تکمیل میں بھی غیر ضروری تاخیر کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شہروں میں بیوٹیفکیشن اور شہری سہولیات کی بہتری کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کا مقصد شہروں اور بازاروں کی خوبصورتی میں اضافہ، عوامی مقامات کی تزئین و آرائش اور شہری ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

ان منصوبوں کے تحت مختلف علاقوں میں سڑکوں، بازاروں، گرین بیلٹس، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

اسی طرح پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے، صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب حکومت کے ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور صوبے کے شہروں اور دیہات میں بنیادی سہولیات کا معیار بہتر بنانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert