قلعہ سیف اللہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، سیاسی آوازوں کو دبانے کیلئے دہشت گردی کا سہارا لیا جا رہا ہے، حکومت ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرے ورنہ مشترکہ مزاحمت تیز کریں گے: سیاسی و تاجر رہنما


قلعہ سیف اللہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر دستی بم حملے کے خلاف قلعہ سیف اللہ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس کے دوران شہر بھر کے بازار اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ حملے کے خلاف سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں اور عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں انتظامیہ اور حکومت وقت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔احتجاجی مظاہرہ بعدازاں پشتونستان چوک پر ایک بڑے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ احتجاجی جلسے کی صدارت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی نے کی۔جلسے سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی، جمعیت علماء اسلام تحصیل قلعہ سیف اللہ کے امیر مولوی محمد نعیم، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے ضلعی امیر مولوی جمعہ خان، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر سیف اللہ شاکر، زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ جان میر زئی، انجمن تاجران کے ضلعی صدر رحمت اللہ خوستی، مرکزی تنظیم تاجران کے ضلعی صدر مولوی شمس الدین جوگیزئی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے تحصیل سیکرٹری اطلاعات نذیر جوگیزئی اور مولوی امان اللہ نے خطاب کیا۔
مقررین نے نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر ہونے والے دستی بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو دہشت گردی اور تشدد کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسے بزدلانہ حملے سیاسی آوازوں کو دبانے اور علاقے کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔گزشتہ روز دستی بم حملے میں پارٹی رہنماء نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی اور پارٹی رکن عبدالرحمن کمال الدین زئی زخمی ہوئے تھے۔ مقررین نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ کے عوام امن، سیاسی آزادی، جمہوری اقدار اور اپنے بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ علاقے میں بدامنی اور عوامی و سیاسی قیادت کو خوفزدہ کرنے کے واقعات کی روک تھام حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں مزید غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔احتجاجی جلسے کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں امن، سیاسی آزادی، جمہوری اقدار اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی جماعتیں، تاجر تنظیمیں اور عوام مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

WhatsApp
Get Alert