سائیں کمال خان شیرانی پشتون قومی تحریک کے عظیم رہنما تھے، ان کے ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی: پشتونخوامیپ

16ویں برسی پر شاندار خراجِ عقیدت، خان شہید کے رفیق کار نے علمی و سائنسی بنیادوں پر قوم کی رہنمائی اور سرکاری ملازمت قربان کی: مرکزی اعلامیہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتون قومی تحریک کے رہنماء سائیں کمال خان شیرانی کی 16ویں برسی کے موقع پرارواشاد سائیں کمال خان شیرانی کو ان کے ناقابل بیان جدوجہد، قربانیوں اور پشتون قومی تحریک میں پر افتخار کردار پر پارٹی زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ارواشاد سائیں کمال خان شیرانی کا شمار پشتون قومی تحریک کے صف اول کے رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے رفیق کار کی حیثیت سے نہایت اہم اورتاریخی کردار ادا کیا تھا۔ پشتون عوام کے قومی سیاسی شعور کو بیدار کرنے اور قومی تحریک کو علمی سائنسی بنیادوں پر منظم کرنے میں مرتے دم تک رہنماء کلیدی کردار ادا کیا اور وہ ایک بلند پایہ علمی شخصیت تھے۔ پشتون افغان غیور ملت کی قومی نجات کے لیے انہوں نے اپنی تمام زندگی وقف کی تھی اور اُس وقت سرکاری ملازمت کو بھی قربان کیا۔ 1950کی دہائی میں پشتو رسالہ اور عالمی سطح کے بلند پایہ ادیبوں کے تصانیف کا پشتو زبان میں تراجم ان کا لازوال علمی ورثہ ہے۔ مرحوم نے پشتونخوا وطن کی قومی وحدت اور پشتون افغان کی قومی جمہوری اقتدار کے قیام متحدہ صوبہ پشتونستان کے قیام اور ملک کے محکوم اقوام وعوام کیلئے جمہوری فیڈریشن کی تشکیل، قومی آزادی، جمہوریت،سماجی انصاف، امن وترقی کی جدوجہد میں تاریخی کردار ادا کیا ہے جو پشتون غیور ملت قومی سیاسی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اپنے محبوب چیئرمین،ملک کے جمہوری صف کے عظیم قائد محمود خان اچکزئی کی قیادت میں قومی سیاسی جمہوری جدوجہد جاری رکھے ہوئے اور سائیں کمال خان شیرانی کے ملی ارمانوں کی تکمیل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

WhatsApp
Get Alert