سعودی اتحاد کا حوثیوں کی جانب سے مدینہ منورہ کی طرف داغا جانے والا میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

فضائی دفاعی نظام نے دہشت گرد حوثی ملیشیاء کی جانب سے مدینہ منورہ کے علاقے کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضاء میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا؛ ترجمان سعودی فوجی اتحاد کا بیان


ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں سکیورٹی اور دفاعی نظام کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں ایک بڑا فضائی خطرہ ٹل گیا، سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مدینہ منورہ کے مقدس خطے کو نشانہ بنانے کے لیے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، اس واقعے کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں حفاظتی وارننگز کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یمن میں سرگرم حوثی ملیشیا نے مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فضا میں فائر کیا، تاہم سعودی عرب کے جدید فضائی دفاعی نظام نے اس میزائل کو نشانے پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں روک لیا اور کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا، سعودی اتحاد نے اس جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے حوثی ملیشیا کو دہشت گرد قرار دیا اور خبردار کیا ہے کہ مملکت کے مقدس مقامات اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔


دوسری جانب سعودی عرب کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع شرورة گورنری میں بھی کشیدہ صورتحال دیکھنے میں آئی، سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کی جانب سے شرورة گورنری میں کسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہنگامی وارننگ جاری کی گئی، اس دوران سول ڈیفنس اتھارٹی نے شہریوں اور مکینوں کو پرسکون رہنے اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی، جب کہ چند ہی منٹوں کے اندر خطرے کا یہ پہلا الرٹ واپس لے لیا گیا۔
تاہم اس کے چند ہی منٹ بعد سول ڈیفنس اتھارٹی نے بتایا کہ نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کی جانب سے شرورة میں ایک بار پھر دوسرا حفاظتی انتباہ جاری کر دیا گیا ہے، بار بار آنے والے ان الرٹس سے کچھ دیر کے لیے فضاء میں تشویش دوڑ گئی، تاہم حکام کی فوری جانچ پڑتال کے بعد دوسرا الرٹ بھی چند منٹوں میں ختم کر دیا گیا اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہی۔
معلوم ہوا ہے کہ مدینہ منورہ سے ملحقہ اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم ترین تجارتی و صنعتی شہر ینبع گورنری میں بھی ہنگامی بنیادوں پر وارننگ الرٹ جاری کیا گیا، ینبع گورنری کو سعودی عرب کا ایک بہت بڑا آئل ایکسپورٹ حب مانا جاتا ہے، جو مملکت کی مشہور ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے خام تیل کی ترسیل کا ایک کلیدی مرکز ہے، نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کی طرف سے یہاں ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری ہوتے ہی متعلقہ اداروں نے حفاظتی اقدامات تیز کردیئے، تاہم جلد ہی سول ڈیفنس اتھارٹی نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے اعلان کیا کہ ینبع گورنری میں خطرہ ٹل چکا ہے اور صورتحال بالکل محفوظ ہے۔

WhatsApp
Get Alert