جعلی ٹینڈر کے جھانسے میں کمپنی ڈائریکٹر 86 لاکھ روپے سے محروم


ملائیشیا(قدرت روزنامہ)ملائیشیا میں جعلی سرکاری ٹینڈر کے ذریعے آن لائن فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک کمپنی ڈائریکٹر کو 1 لاکھ 28 ہزار 700 ملائیشین رنگٹ ( 86 لاکھ 42 ہزار 848 پاکستانی روپے)کا نقصان اٹھانا پڑا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ کمپنی ڈائریکٹر کو 23 نومبر کو ایک ووکیشنل کالج میں اسٹین لیس اسٹیل کی کینٹین کرسیاں فراہم کرنے کا ٹینڈر دینے کی پیشکش کی گئی۔
ملزم نے خود کو کالج کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اپنا نام بتایا اور متاثرہ شخص کا رابطہ مبینہ سپلائر سے کرایا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے 24 اور 25 نومبر کو ٹینڈر کی ضمانتی رقم کے طور پر ہائیلوس ٹریڈنگ نامی ادارے کو تین اقساط میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 28 ہزار 700 رنگٹ منتقل کیے۔
بعد ازاں جب اس نے کالج سے ٹینڈر کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ متعلقہ نام کا کوئی شخص وہاں ملازم ہی نہیں ہے، فراڈ کا علم ہونے پر متاثرہ شخص نے پولیس میں شکایت درج کرادی جس پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert