ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہ کا 250 فیصد الاؤنس! حکومت کا بڑا اعلان

پشاور (قدرت روزنامہ) خیبر پختونخوا حکومت نے “ایکٹرا آرڈنری سیکیورٹی رسک الاؤنس” کی منظوری دے دی ، جس کے تحت بنیادی تنخواہ کا 250 فیصد الاؤنس ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ اضلاع میں تعینات سول اور پولیس افسران کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے “ایکٹرا آرڈنری سیکیورٹی رسک الاؤنس” کی منظوری دے دی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ متاثرہ اضلاع میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کو رننگ بنیادی تنخواہ کا 250 فیصد الاؤنس دیا جائے گا۔
الاؤنس کے لیے اہل اضلاع کی نشاندہی محکمہ داخلہ کرے گا، اور اس کی فہرست ہر مالی سال کے آغاز پر تیار کی جائے گی۔
کسی افسر کی تبدیلی، معطلی، چھٹی یا او ایس ڈی (OSD) تعیناتی کی صورت میں یہ الاؤنس فراہم نہیں کیا جائے گا۔
حکومتی نوٹیفکیشن میں الاؤنس کے مالی امور پر وضاحت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس الاؤنس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی اور یہ رقم انکم ٹیکس کے تابع ہوگی۔
وفاق کی جانب سے ادائیگیوں میں تاخیر تک خیبر پختونخوا حکومت یہ اخراجات عارضی طور پر خود برداشت کرے گی، تاہم اس عارضی فنانسنگ سے صوبے پر کوئی مستقل مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔
صوبائی حکومت نے محکمہ خزانہ کو اخراجات اور وفاقی وصولیوں کی مانیٹرنگ کے لیے ایک خصوصی نظام قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
