بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے جو طاقت کے بجائے بامقصد مذاکرات سے ہی حل ہو سکتا ہے: میر اسد اللہ بلوچ

ساحل و وسائل پر مکمل اختیارات کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، کارکنان تنظیم سازی کو فعال بنائیں: بی این پی عوامی کے سربراہ سے وفد کی ملاقات


اوستہ محمد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی صدر، سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی میر اسد اللہ بلوچ سے پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن میر حبیب خان ملازئی کی قیادت میں خاران کے رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن حاجی محمد یعقوب ساسولی، ضلعی ترجمان ٹکری بیبرگ ملازئی اور حاجی محمد سلیم ساسولی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خاران سمیت دیگر علاقوں میں تنظیمی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسائل طاقت کے بے جا استعمال سے کبھی حل نہیں ہوتے؛ بلوچستان کا مسئلہ خالصتاً سیاسی نوعیت کا ہے جسے سنجیدہ گفت و شنید اور افہام و تفہیم کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی (عوامی) بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر مقامی آبادی کا آئینی و تاریخی اختیار تسلیم کرانے کے لیے ہر سیاسی و آئینی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی صوبے کے حقوق کی حقیقی علمبردار کے طور پر ابھری ہے اور کارکن تنظیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی قائدین کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کے نظریاتی پیغام کو گھر گھر پہنچانے اور تنظیم کو نچلی سطح تک فعال اور متحرک کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

WhatsApp
Get Alert