اسلام آباد میں خواتین کیلئے خصوصی پنک الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ، چین سے 30 بسیں خریدی جائیں گی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خواتین کو محفوظ، آرام دہ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے خصوصی پنک الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت چین سے 30 گلابی رنگ کی الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے بسوں کی درآمد کیلئے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) سے معاونت حاصل کرے گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ شعبے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی ڈی اے بورڈ کی منظوری کیلئے سمری تیار کرے۔ بورڈ سے منظوری ملنے کے بعد بسوں کی درآمد کا عمل شروع کرنے کیلئے باضابطہ طور پر ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سے رابطہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئی پنک بسیں اسلام آباد میں پہلے سے جاری الیکٹرک بس سروس کے روٹس پر چلائی جائیں گی، تاہم خواتین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت پڑنے پر ان کیلئے علیحدہ روٹس بھی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت وفاقی دارالحکومت میں 20 سے زائد روٹس پر 160 سے زیادہ الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافروں کو سستی سفری سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور طالبات کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ رش کے اوقات میں بسوں میں جگہ نہ ملنے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی مسئلے کے حل اور خواتین کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے علیحدہ پنک بس سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نئی پنک الیکٹرک بس سروس آئندہ تین ماہ کے دوران فعال ہونے کی توقع ہے، جس سے وفاقی دارالحکومت میں خواتین اور طالبات کو پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بہتر اور آسان سفری سہولت میسر آئے گی۔

WhatsApp
Get Alert