وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما امگابازار (Bolormaa Amgaabazar) کی ملاقات، ترقیاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما امگابازار (Bolormaa Amgaabazar) نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی ترقی، معاشی استحکام اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیم، صحت، آبنوشی اور انفراسٹرکچر سمیت اہم شعبوں میں ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے اور صوبے میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے۔
ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے بلوچستان میں ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔ بلوچستان کی ترقی محض ایک صوبے کی ترقی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور نتائج پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے عوامی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنا رہی ہے تاکہ ترقیاتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے عالمی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، آبنوشی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خیرمقدم کرتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ حکومت ایسے اقدامات کو فروغ دے رہی ہے جو صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے مواقع میں اضافے اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کا ذریعہ بنیں۔
