وزیراعلیٰ بچوں کے دل کے علاج پروگرام کے تحت 17 ہزار سے زائد کامیاب مفت آپریشن، ملک بھر کے بچوں کو سہولت فراہم

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب کے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت پیدائشی امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے 17 ہزار سے زائد کامیاب آپریشن مفت کیے جا چکے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو مہنگے علاج کے اخراجات سے نجات ملی ہے اور بچوں کو صحت مند زندگی کی جانب لوٹنے کا موقع ملا ہے۔
پنجاب حکومت کا مقصد پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا بچوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بہتر اور صحت مند مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔ یہ پروگرام پنجاب بھر کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مستحق بچوں کو بھی خصوصی طبی سہولیات تک رسائی فراہم کر رہا ہے۔
پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (PHIMC) کے مطابق پروگرام کے تحت سرکاری اور نجی اسپتالوں کے مخصوص نیٹ ورک کے ذریعے بچوں کا مفت علاج اور دل کے آپریشن کیے جا رہے ہیں۔
پروگرام میں شامل سرکاری اسپتالوں میں چلڈرن اسپتال لاہور، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، چلڈرن اسپتال ملتان، بہاول وکٹوریہ اسپتال بہاولپور اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، لاہور، ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد کے 14 نجی اسپتال بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں، جہاں بچوں کو امراضِ قلب کے علاج اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
پروگرام کے بارے میں معلومات، رہنمائی اور رابطے کے لیے والدین اور سرپرست درج ذیل ذرائع استعمال کر سکتے ہیں:
ٹول فری ہیلپ لائن: 0800-07542
ٹیلی فون: 042-99066000، 042-99066001
واٹس ایپ: 0333-6756390
ایس ایم ایس: 8500
یہ پروگرام پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (PHIMC) متعلقہ سرکاری و نجی طبی اداروں کے اشتراک سے چلا رہی ہے۔ پروگرام کے تحت اب تک 17 ہزار سے زائد مفت کامیاب آپریشن اس اقدام کے طبی اور عوامی اثرات کی نمایاں مثال ہیں۔
