10 سال میں غیر ملکی فنڈنگ کا ایک بھی منصوبہ وقت پر مکمل نہ ہونے کا انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کے باعث قومی خزانے کو ہونے والے اضافی مالی نقصان اور سود کی ادائیگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے وزیراعظم نے فوری طور پر خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دے دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو پیش کی گئی تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ 10 سالوں میں غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والا کوئی ایک بھی ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہو سکا۔ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے باعث پچھلے ایک دہائی سے 0.25 فیصد اضافی کمٹمنٹ چارجز یا سود کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، اور وزیراعظم ان اضافی چارجز کو مکمل طور پر ختم کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی سب سے بڑی وجہ زمین کے حصول کے دوران پیش آنے والی قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ اس کے علاوہ فنڈنگ فراہم کرنے والے بین الاقوامی ادارے، بشمول ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک، پروجیکٹ ڈائریکٹرز کی بار بار تبدیلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کئی پروجیکٹس ایسے ہیں جہاں ایک ہی سال کے دوران چار بار ڈائریکٹرز تبدیل کیے گئے اور غیر ملکی اداروں سے مشاورت کے بغیر یہ تبدیلیاں کی گئیں۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ کے ان منصوبوں میں ضروری عملے کی بھرتیاں بھی غیر ضروری تاخیر کا شکار رہتی ہیں، اور زیادہ تاخیر بنیادی ڈھانچے یعنی انفرااسٹرکچر کے شعبے میں دیکھنے میں آتی ہے۔

منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بننے والے ان تمام عوامل اور عالمی مالیاتی اداروں کی تشویش کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے تاخیر کے خاتمے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ورکنگ گروپس کی تشکیل میں وفاقی وزراء احد چیمہ اور اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم کی معاونت کی ہے، جو ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert