مصنوعی دہشتگردی کو جواز بنا کر پشتون علاقوں میں آپریشنز کے ذریعے عوام کو بے گھر کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، خوشحال خان کاکڑ


مسلم باغ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ غیور پشتون عوام آج جس دہشتگردی، بدامنی اور عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں، اس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن مصنوعی دہشتگردی کے نام پر ہمارے شہروں، محلوں اور گلیوں تک اس کے اثرات پہنچیں گے اور پھر اسی دہشتگردی کو جواز بنا کر آپریشنز کے ذریعے ہمارے علاقوں کو خالی کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ اگر پشتون عوام نے بروقت حالات کا ادراک کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ نہ کیا تو حالات مزید خراب ہوں گے اور ایک مرتبہ پھر ہمارے عوام کو اپنے گھروں سے بے گھر ہونے اور نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ دوم کے زیرِ اہتمام مسلم باغ شار علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سینئر نائب صدر و مرکزی سیکرٹری اللہ نور خان چیئرمین، صوبائی سیکرٹری مالیات سعید اکبر خان، حبیب اللہ مہترزی ، شمس رود وال ، شمس اللہ ،عظیم تارن اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔جبکہ شاعر عبدالخالق دیدار نے انقلابی شعر پیش کیا ،تلاوت کلام کی سعادت ملک جمعہ خان نے حاصل کیا اور نظارت کے فرائض زمان صاحب نے سرانجام دیئے۔اس سے قبل کانفرنس کا بند اجلاس ضلع قلعہ سیف اللہ دوم کے ضلعی سیکرٹری حبیب اللہ میترزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سابقہ علاقائی سیکرٹری نے گزشتہ تین سال کی تنظیمی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ مندوبین نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس کی منظوری دی۔ بعدازاں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور پارٹی کو فعال و منظم بنانے کے لیے مسلم باغ شار کو دو الگ الگ علاقائی یونٹوں میں تقسیم کیا گیا۔مسلم باغ شار اول کے لیے امان اللہ علاقائی سیکرٹری، موسیٰ خان سینئر معاون سیکرٹری جبکہ احسان اللہ، کلیم اللہ، نقیب اللہ، سیف اللہ، نقیب اللہ احمد خیل، نور شاہ استاد، حاجی اللہ نور عمران زئی، انعام اللہ، عطا افغان، حکمت اللہ، نعیم باکلزئی معاونین منتخب ہوئے، جن سے پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔
اسی طرح مسلم باغ شار دوم کے لیے جعفر خان علاقائی سیکرٹری، یونس خان سینئر معاون سیکرٹری جبکہ رحیم اللہ کونسلر، اظہار خان سامخیل، دلبر خان، لیاقت خان، جمال خروٹی، نجیب سامخیل، ملک زین اللہ اکبر صاحب، عبدالرحمن اور رفیق خان معاونین منتخب ہوئے، جن سے پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے حلف لیا۔کانفرنس میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں اور مندوبین نے شرکت کی۔پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مسلم باغ شار کے سابقہ ایگزیکٹو کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مسلسل جدوجہد، ہمت، جرات اور تنظیمی محنت کے نتیجے میں آج مسلم باغ شار کو دو الگ الگ علاقائی یونٹوں میں تقسیم کرنا ممکن ہوا ہے، جو خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ مسلم باغ ہمیشہ سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا مضبوط مرکز رہا ہے اور یہاں کے غیور عوام نے پشتون قومی تحریک اور بالخصوص پشتونخوا پارٹی کی ہر جدوجہد میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔ اگر ہم اسی جذبے کے ساتھ پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنائیں تو وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے قومی اہداف کے حصول کی جانب اہم پیش رفت کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج پشتون غیور ملت کو جس بدامنی، دہشتگردی، بے یقینی اور اپنی ہی زمینوں و ملکیتوں پر قبضے کی صورتحال کا سامنا ہے، وہ انتہائی تشویشناک ہے۔ منگلا، زیارت، ہرنائی، زرغون غر، شابان، قلعہ سیف اللہ، شیرانی، قلعہ عبداللہ، ژوب اور دیگر علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات اور عدم تحفظ کی صورتحال مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اگر ہم نے اجتماعی طور پر اس صورتحال کا مقابلہ نہ کیا تو اس کے نتائج پورے پشتونخوا وطن کے عوام کو بھگتنا پڑیں گے۔ بعدازاں اسی بدامنی کو جواز بنا کر آپریشنز شروع کیے جائیں گے اور ہمارے شہروں و دیہات کو کھنڈرات میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں قبائلی علاقوں (فاٹا) اور سوات میں فوجی آپریشنز کے نتیجے میں لاکھوں عوام آئی ڈی پیز بنے، ان کے گھر اور کاروبار تباہ ہوئے اور انہیں اپنے علاقوں سے نقل مکانی کرنا پڑی۔ آج بھی ان متاثرین کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں بے گھری اور مشکلات کی زندگی گزار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کم و بیش تین کروڑ سے زائد پشتون اپنے وطن سے دور دیارِ غیر میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
اگر موجودہ حالات کا صحیح ادراک نہ کیا گیا تو بے دخلی، معاشی بدحالی اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہوگا اور پشتون عوام مزید غلامی اور محکومی کی طرف دھکیلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل اور قدرتی دولت ہی ہمارے لیے مشکلات کا سبب بنائے جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے پشتونخوا وطن کو زرخیز زمین، معدنیات، آبی وسائل اور دیگر قدرتی نعمتوں سے نوازا ہے، لیکن افسوس کہ ان وسائل سے یہاں کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے بجائے انہیں محرومی، بدحالی اور استحصال کا سامنا ہے۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا کو ہر شعبے میں مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ بجٹ، سرکاری ملازمتوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم میں پشتون اضلاع کو ان کے جائز حصے سے محروم رکھا گیا ہے۔ بلوچستان رائزنگ کے 17 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج میں پشتون اضلاع کے لیے نہ کوئی مناسب ترقیاتی اسکیم رکھی گئی ہے اور نہ ہی کوئی اسکالرشپ مختص کی گئی ہے۔ اسی طرح کوسٹل ایریاز اور گوادر سے متعلق اسکالرشپ پروگراموں اور این ایچ اے کے 112 ارب روپے کے منصوبوں میں بھی پشتون اضلاع کو نظرانداز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا میں صرف لورالائی یونیورسٹی موجود ہے، جو خود بھی شدید مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے۔ سی پیک کے منصوبوں، کیسکو کی 2800 ملازمتوں اور ایف بی آر، ریلوے، کمیونیکیشن ڈویژن سمیت دیگر وفاقی محکموں میں بھی پشتون عوام کو ان کے جائز حق اور نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس کے خاتمے کے لیے منصفانہ وسائل کی تقسیم اور تمام قومی اکائیوں کو مساوی حقوق فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی بلوچ عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور قومی حقوق کی پامالی پر کبھی خاموش نہیں رہی اور ہمیشہ بلوچ قومی تحریک اور ان کے جائز قومی و جمہوری حقوق کی حمایت کی ہے۔ ہماری سیاست کا بنیادی اصول تمام مظلوم اقوام کی برابری، خودمختاری، قومی وحدت اور باہمی احترام پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پشتون عوام کے تمام اہم تجارتی راستے بند ہیں۔ بادینی، چمن، قمرالدین اور دیگر تجارتی گزرگاہوں کی بندش نے عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور مزدوروں کی معاشی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ دوسری جانب ایران کے ساتھ تجارتی راستے کھولے جا رہے ہیں۔
زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، لیکن زرعی ترقی، آبپاشی اور پانی کے ذخیرے کے لیے کوئی مؤثر منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ مرغہ کبزئی، بروج عزیز خان اور دیگر علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر کے وسیع امکانات موجود ہیں، جہاں ڈیموں کے ساتھ ساتھ فیکٹریاں اور اکنامک زون قائم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، لیکن حکمرانوں کی جانب سے ان امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ تجارتی سرگرمیوں کی بندش اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کی تباہی کے باعث ہزاروں گاڑیاں کھڑی ہیں اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون قومی وحدت کے معاملے پر ہمارا مؤقف واضح ہے۔ اٹک اور میانوالی کو پشتونخوا وطن سے الگ کرکے پہلے ہی تاریخی، جغرافیائی اور قومی حقائق کو نظرانداز کیا گیا ہے اور اب غازی بروتھا کے معاملے پر بھی یہی طرزِ عمل اختیار کیا گیا۔ ہم ہزارہ صوبے کے قیام کی کو یکسر مسترد کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پشتون قومی وحدت اور وسائل کے حقوق متاثر ہوں۔ ہزارہ ڈویژن کے سات اضلاع میں سے پانچ اضلاع میں پشتون آبادی اور پشتو بولنے والے عوام کی اکثریت موجود ہے، جبکہ ہندکو بھی پشتونخوا وطن کی ایک اہم قومی زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مجوزہ تقسیم کا مقصد دریائے اباسین پر قائم تربیلا، داسو اور دیامیر بھاشا ڈیموں سے پیدا ہونے والی بجلی اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی پر اختیار و کنٹرول کے معاملات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ان کے مطابق ان منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی اور وسائل کے فوائد کو پنجاب منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ تقریباً 60 ارب یونٹ بجلی کی منتقلی کا معاملہ بھی اسی تناظر میں قابلِ غور ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کسی قومی اکائی کے عوام کے حقوق کے خلاف نہیں، بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام قومی اکائیوں کے حقوق، وسائل اور اختیار کا احترام کیا جائے۔ ہمارا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ تمام پشتون علاقوں کو یکجا کرکے پشتون قومی وحدت پر مشتمل ایک خودمختار پشتون وحدت فیڈریٹنگ یونٹ قائم کیا جائے، تاکہ پشتون عوام اپنی قومی شناخت، وحدت، وسائل اور سیاسی و معاشی حقوق کا تحفظ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمارے علاقوں میں بے روزگاری اور معاشی محرومی بڑھ رہی ہے۔
دوسری طرف سرکاری ملازمتوں کی بندربانٹ اور ہماری زرخیز زمینوں کو مختلف منصوبوں کے نام پر ختم کیا جا رہا ہے۔ قومی وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات، روزگار اور مستقبل کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی کامیابی عوام کی عملی حمایت، اعتماد اور شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ اگر عوام اپنی قومی و سیاسی جدوجہد میں سیاسی جماعتوں کا ساتھ نہیں دیں گے تو ان کے لیے اپنے مقاصد کا حصول مشکل ہوگا۔ اس لیے ضروری ہے کہ عوام اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے منظم سیاسی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 19 نومبر بروز جمعرات آل پارٹیز کی جانب سے صوبہ بھر میں ہونے والی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پرامن احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور انہیں کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس مشترکہ جدوجہد میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں، تاجروں، مزدوروں، طلبہ اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس احتجاج کو کامیاب بنائیں، تاکہ عوام کے جائز حقوق، امن، روزگار، وسائل اور قومی وحدت کے مطالبات مؤثر انداز میں سامنے لائے جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert