مریم نواز کی حکومت بالکل جا رہی ہے، سردار لطیف کھوسہ کا دعویٰ

عمران خان سے ملنے کے بعد پی ٹی آئی رہنماء کی پارٹی صدر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات سے متعلق سوال پر لطیف کھوسہ کا صوبائی حکومت کے خاتمے سے متعلق سیاسی اشارے کا جواب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کی حکومت بالکل جا رہی ہے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’جب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ آپ کی ملاقات ہوئی ہے، آپ سیاسی میدان میں چھکے پر چھکا مار رہے ہیں اور بال گراؤنڈ سے باہر پھینک رہے ہیں، چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ آپ لوگ مریم نواز کی پنجاب حکومت گرانے جا رہے ہیں، اس پر کھل کر بات کریں؟‘ اس پر سردار لطیف کھوسہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’ہاں تو مریم نواز کی بالکل حکومت جا رہی ہے، آپ فکر ہی نہ کریں‘۔


گفتگو کے دوران صحافی نے تجسس بھرے انداز میں پوچھا کہ ’کیا چوہدری پرویز الٰہی سے یہ بات طے ہوئی ہے؟ اور کیا وہ وی آئی پی جہاز جو زیرِ بحث ہے، وہ اب آپ کو ملنے جا رہا ہے؟‘ اس پر لطیف کھوسہ نے برجستہ قہقہہ لگاتے ہوئے جواب دیا کہ ’ارے بابا! جہاز تو انہوں نے واپس لے لیا ہے، اس لیے مجھے نہیں ملنے جا رہا، ایک جہاز اس وقت میرے زیرِاستعمال تھا جب میں صوبے کا گورنر تھا لیکن اب اس کی واپسی ہو چکی ہے‘۔
سردار لطیف کھوسہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی کشمکش اپنے عروج پر ہے اور حکومت اور اپوزیشن کے درمیان لفظی جنگ کے ساتھ ساتھ انتظامی امور پر بھی گرما گرم بحث جاری ہے، پنجاب حکومت کی طرف سے وی آئی پی طیارے کا کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد کیے جانے کے معاملے پر بھی اپوزیشن رہنماؤں کی مختلف آراء سامنے آرہی ہیں، لطیف کھوسہ کے یہ ریمارکس اس بات کا اشارہ ہیں کہ پی ٹی آئی حکومتی صفوں میں اندرونی بحران اور تبدیلی کے دعوے پر کاربند ہے۔

WhatsApp
Get Alert