غیر نمائندہ حکومتوں اور مسلط قوتوں کے فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں، پشتونخوامیپ

سرمایہ کاری کانفرنس مسترد، وفاقی اصولوں اور صوبوں کے آئینی اختیارات کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہے، جسے پارٹی دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتی ہے، اقوام کے حقیقی، منتخب اور بااختیار نمائندوں کی شرکت اور رضامندی بنیادی شرط ہے،مرکزی بیان


پشتونخواوطن معدنی وسائل کے حقیقی مالک وہاں کے عوام ہیں، بدامنی کی صورتحال کو جواز بنا کر ان وسائل پر قبضہ گیری، عوام کے آئینی و قومی حقوق کو محدود کرنے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل سے باہر رکھنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں صوبے کے معدنی وسائل سے متعلق صوبائی محکمہ معدنیات، صوبائی خودمختاری اور آئینِ پاکستان میں متعین اختیارات و حقوق کو نظرانداز کرتے ہوئے منعقد کی جانے والی سرمایہ کاری کانفرنس آئین پاکستان کی روح، وفاقی اصولوں اور صوبوں کے آئینی اختیارات کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہے، جسے پارٹی دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے پشتون اضلاع وعلاقوں اور خیبر پشتونخوا کے معدنی وسائل کے حقیقی مالک وہاں کے پشتون عوام ہیں۔ ملک اور صوبوں میں موجود عام معدنی وسائل اور Rare Earth Minerals جیسے اہم اور قیمتی قدرتی ذخائر محض تجارتی سرمایہ کاری کا معاملہ نہیں بلکہ یہ صوبوں، اقوام اور ان کے عوام کے قومی اثاثے ہیں۔ان قومی وسائل سے متعلق کسی بھی پالیسی، منصوبہ بندی، سرمایہ کاری یا فیصلے میں پشتون عوام کی حقیقی سیاسی قیادت، منتخب نمائندوں اور قومی مفادات کے ترجمانوں کی بامعنی شرکت ناگزیر ہے۔ اقوام کے حقیقی، منتخب اور بااختیار نمائندوں کی شرکت اور رضامندی بنیادی شرط ہے اور غیر نمائندہ حکومتوں اور مسلط قوتوں کے فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ پورے پشتونخوا وطن کے حقیقی نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیر کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری کانفرنس یا یکطرفہ فیصلے نہ آئینی جواز رکھتے ہیں اور نہ ہی انہیں عوامی تائید حاصل ہو سکتی ہے۔ غیر نمائندہ حکومتوں اور مسلط کردہ قوتوں کے فیصلے پشتون عوام پر مسلط نہیں کیے جا سکتے اور نہ ہی وہ اسے قبول کرینگے۔ بدامنی کی صورتحال کو جواز بنا کر ان وسائل پر قبضہ گیری، عوام کے آئینی و قومی حقوق کو محدود کرنے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل سے باہر رکھنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔
پارٹی واضح کرتی ہے کہ پشتون عوام کے قومی وسائل کے حوالے سے غیر نمائندہ، یکطرفہ اور مسلط کردہ فیصلے ناقابلِ قبول ہیں۔ ایسے فیصلوں کو پارٹی مسترد کرتی ہے اور انہیں عوامی، سیاسی اور آئینی جواز سے محروم تصور کرتی ہے۔ قومی وسائل پر فیصلہ کرنے کا حق کسی یکطرفہ اور غیر نمائندہ قوت کونہیں بلکہ حقیقی مالکان اور ان کے بااختیار نمائندوں کو حاصل ہونا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert