بشریٰ بی بی کو آنکھ کے علاج کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر

جیل ملاقات کی تفصیلی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع، بشریٰ بی بی کی آنکھوں میں موتیے کی تشخیص ہوئی، بینائی شدید متاثر ہے، جیل میں آئی اسپیشلسٹ دستیاب نہیں، کسی خصوصی اسپتال منتقل کیا جائے؛ استدعا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلاء کی اہم ملاقات کے بعد ایک بڑی قانونی پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت بشریٰ بی بی کی جانب سے آنکھ کے طبی معائنے اور علاج کے لیے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی، یہ متفرق درخواست القادر ٹرسٹ کیس میں سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سردار محمد لطیف خان کھوسہ اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق عدالت میں دائر کی گئی متفرق درخواست کے ساتھ 11 نومبر 2026ء کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی دائیں اور بائیں دونوں آنکھوں میں موتیا کی تشخیص ہوئی ہے اور جیل حکام کے مطابق ان کا آپریشن 15 نومبر 2026ء کو متوقع تھا، ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے انکشاف کیا کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہوچکی ہے اور وہ عینک کے بغیر دیکھنے سے مکمل طور پر قاصر ہیں، عینک لگانے کے باوجود سامنے بیٹھے افراد انہیں محض ایک سیاہ سائے یا شکل کے طور پر دکھائی دیتے ہیں۔


درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ آنکھوں میں شدید درد کے باعث بشریٰ بی بی روزانہ پیناڈول اور ٹونوفلیکس کی دو گولیاں لینے پر مجبور ہیں، جیل حکام کو متعدد شکایات کے باوجود ماہر ڈاکٹرز 7 سے 8 دن کی تاخیر کے بعد معائنے کے لیے آئے، جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر گائناکالوجسٹ ہیں نہ کہ کوئی آئی اسپیشلسٹ یعنی ماہر امراض چشم ہے، جس کی وجہ سے ان کے علاج میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
متفرق درخواست میں اڈیالہ جیل کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی جس بڑے ہال نما کمرے میں قید ہیں وہاں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہیں، کمرے میں حشرات، کاکروچ اور سنڈیاں موجود ہیں، ماضی میں اسی کمرے سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کے بعد متعلقہ حصوں کو سیمنٹ سے بند کیا گیا، ناقص صفائی اور حشرات کے کاٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر آنکھ کے آپریشن کے بعد انفیکشن پھیلنے سے بشریٰ بی بی کی مستقل بینائی جانے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔
درخواست کے آخری حصے میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ ان اضافی حقائق کو ریکارڈ کا حصہ بنا کر پہلے سے دائر فوجداری متفرق درخواست کے ساتھ پڑھا جائے، متعلقہ فریقین کو ہدایت کی جائے کہ وہ درخواست گزار کا مکمل طبی ریکارڈ معزز عدالت کے روبرو پیش کریں، تمام ضروری طبی و سرجیکل علاج کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں، اور ضروری طبی نگہداشت و علاج کے لیے بشریٰ بی بی کو فوری طور پر کسی اسپیشلائزڈ ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کریں۔

WhatsApp
Get Alert