بلوچستان اسمبلی اجلاس میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں، سرکاری محکموں کے انضمام اور امن و امان پر بحث :سوالات کے جوابات فراہم نہ کرنے پر رحمت صالح بلوچ نے محکمہ صحت کے خلاف تحریک استحقاق پیش کر دی
رواں سال پاسکو سے گندم خریدی جا رہی ہے اور ڈپٹی کمشنرز کو قیمتوں پر کنٹرول کی ہدایت کر دی گئی ہے، نور محمد دمڑ

بلوچستان وسل بلور مسودہ قانون 2026 کو مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سرد علاقوں کو گرم علاقوں میں شمار کرنے پر سیکرٹری تعلیم سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیر کے روز آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، سرکاری محکموں کے خاتمے و انضمام، محکمہ صحت کی جانب سے سوالات کے جوابات فراہم نہ کرنے، وسل بلور بل 2026، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیمی تعطیلات اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف اہم عوامی و انتظامی معاملات زیر بحث آئے۔ پیر کے روزاسپیکر صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔مختلف معاملات پر متعلقہ حکام سے رپورٹس طلب کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متعلق توجہ دلا نوٹس پیش کرتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا کہ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سرکاری گوداموں میں اس وقت کتنی گندم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔توجہ دلا نوٹس کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر کموڈیٹی مینجمنٹ نور محمد دمڑ نے بتایا کہ بلوچستان حکومت نے 2024 کے بعد گندم کی خریداری نہیں کی، تاہم رواں سال پاسکو سے گندم خریدی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گندم خیبرپختونخوا کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہے، جبکہ سندھ اور پنجاب میں آٹے کی قیمتیں بلوچستان سے کم ہیں۔ ان کے مطابق چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، جس کے بعد توجہ دلا نوٹس نمٹا دیا گیا۔اجلاس میں سابق وزیراعلی بلوچستان و رکن اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مختلف سرکاری محکموں کو ختم کرنے اور دیگر محکموں میں ضم کرنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے باعث سرکاری ملازمین میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ اب کس محکمے کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔ اس پر اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے رولنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں ختم کیے گئے یا دیگر محکموں میں ضم ہونے والے محکموں کے ملازمین سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔دریں اثنا رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے محکمہ صحت کی جانب سے ان کے بھجوائے گئے سوالات کے جوابات فراہم نہ کرنے پر تحریک استحقاق پیش کردی۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ انہوں نے 26 اگست کو محکمہ صحت کو بعض سوالات بھجوائے تھے، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود متعلقہ محکمے نے ان کے جوابات فراہم نہیں کیے، جسے انہوں نے رکن اسمبلی کے استحقاق سے متعلق معاملہ قرار دیا۔اجلاس میں بلوچستان وسل بلور مسودہ قانون 2026 پر بھی بحث ہوئی۔ قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی رپورٹ کے ساتھ مسودہ قانون نمبر 14 ایوان میں پیش کیا گیا۔ رکن اسمبلی اسد بلوچ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اور پشتون روایات میں منشی اور مخبر کی کوئی اہمیت نہیں، یہ قانون قابل قبول نہیں اور اس سے معاشرے میں نفرت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی بل کی منظوری کے عمل میں شریک نہیں ہوگی اور اس معاملے پر باقاعدہ رائے شماری ہونی چاہیے۔اس موقع پر رکن اسمبلی ظفر آغا نے کہا کہ وہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے قانون سازی چاہتے ہیں اور ایسی کوئی قانون سازی نہیں ہونی چاہیے جس سے عوام کو نقصان پہنچے۔ بحث کے بعد اسپیکر نے بلوچستان وسل بلور مسودہ قانون 2026 کو مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔اجلاس کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں اور محکمہ تعلیم کی جانب سے بعض سرد علاقوں کو گرم علاقوں میں شامل کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ رکن اسمبلی اسد بلوچ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقے متاثر ہوئے ہیں اور ماضی میں پنجگور اور واشک جیسے علاقوں میں برف باری ہوتی تھی۔ رحمت صالح بلوچ نے نشاندہی کی کہ محکمہ تعلیم نے بعض سرد علاقوں کو گرم علاقوں میں شمار کر رکھا ہے، جس کے باعث وہاں موسم سرما کے بجائے گرمیوں میں تعطیلات دی جاتی ہیں۔ اس پر اسپیکر نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ سرد علاقوں کو گرم علاقوں میں شامل کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔امن و امان کی صورتحال اور صوبے میں چوری کی وارداتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان نے دعوی کیا کہ بلوچستان میں چوری کی وارداتوں میں سرداروں اور نوابوں کے گن مین اور سرکاری مخبر ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے چوری میں ملوث افراد کے نام بتانے کا کہا گیا تھا، اس لیے وہ ایوان میں اپنا موقف پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے رکن اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران کی جانب سے ایک خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں مبینہ نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی بھی مذمت کی۔اجلاس میں مختلف عوامی، انتظامی اور قانون سازی سے متعلق معاملات پر ارکان اسمبلی نے اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں، جبکہ اسپیکر نے متعلقہ محکموں کو ضروری معلومات اور رپورٹس ایوان میں پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
