وفاقی آئینی عدالت نے ریٹائرڈ ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ سنادیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی آئینی عدالت نے پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ ملازمین پنشن کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ لاہورہائیکورٹ کے دو رکنی اورسنگل بینچ کے فیصلے کالعدم قرار دیدیئے۔ ملازمین کی روکی گئی پنشن عمرکےتعین کے بعد بحال کرنے اور سابقہ واجبات ادا کرنے کا حکم دیدیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ ملازمین کی پنشن سے متعلق کیس کا بیس صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلہ جسٹس حسن اظہر رضوی نے تحریر کیا۔ عدالت نے لاہورہائیکورٹ کے دو رکنی اور سنگل بینچ کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ملازمین کی روکی گئی پنشن ان کی عمر کے تعین کے بعد جاری کرنے کا حکم دیا۔
تحریری فیصلےمیں کہا گیا کہ آرٹیکل 25 کے تحت کسی غلط فیصلےکو نظیرکےطورپراستعمال نہیں کیا جاسکتا۔ پنشن قواعد 1963 میں 15 سال بعد پنشن بحالی کی کوئی مقررہ شرط موجود نہیں۔
عدالت نےقراردیاملازمین کی پنشن بحالی کا تعین ان کی عمراورمتعلقہ پنشن قواعد کو مدنظررکھ کر کیا جائے۔ یہ مدت 15 سال سے کم یا زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ ملازمین کو گزشتہ پنشن اورسالانہ اضافے کی رقم بھی ادا کی جائے۔
ملازمین نے 1997 میں گولڈن ہینڈ شیک لیا تھا۔ معاہدے کے تحت آدھی پنشن 15 سال کی یکمشت ادائیگی اور باقی ماہانہ بنیادوں پر دی جانی تھی جبکہ 15 سال بعد باقی آدھی پنشن بھی بحال ہونا تھی۔
