ایس آئی ایف سی کارکردگی: 7 سیمنٹ پلانٹس میں تقریباً 2 کھرب سرمایہ کاری کا تخمینہ، زرعی فارمنگ، معدنیات کی تلاش

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کارکردگی سے متعلق پہلی جامع سالانہ رپورٹ کا ابتدائی مسودہ آئندہ ماہ تیار ہونے کی توقع ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کونسل کے ذریعے ممکن بنائی جانے والی سرمایہ کاری، سرمایہ کاروں کو دی گئی مراعات اور اہم منصوبوں پر پیش رفت کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ ایس آئی ایف سی کے ایک سینئر ذریعے نے بتایا کہ رپورٹ پر زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے، یہ ملک کے سرمایہ کاری کے نظام میں زیادہ شفافیت کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کے اقتصادی گورننس اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس میں ایک ایسا جامع طریقۂ کار وضع کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے جس کے تحت کونسل کی سرمایہ کاری سے متعلق سرگرمیوں اور انفرادی منصوبوں پر عمل درآمد کی صورتحال کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
اصلاحاتی ٹائم ٹیبل کے مطابق رپورٹ کا مسودہ دسمبر 2026ء تک مکمل ہونا طے ہے، جبکہ اس کا حتمی ورژن مارچ 2027ء تک شائع کیے جانے کی توقع ہے۔ مجوزہ رپورٹ میں پہلی مرتبہ ایس آئی ایف سی کے قیام سے اب تک اس کے ذریعے ممکن بنائی جانے والی سرمایہ کاری کی یکجا تفصیلات پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
اس رپورٹ میں سرمایہ کاری کی تجاویز، مفاہمت کی یادداشتوں، مالیاتی وعدوں اور ان منصوبوں کے درمیان فرق واضح کیا جائے گا جو حقیقتاً عمل درآمد یا تجارتی سرگرمیوں کے مرحلے تک پہنچ چکے ہیں۔
مجوزہ معلومات کا افشاء اس لیے اہمیت رکھتا ہے کہ کونسل زراعت، معدنیات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق متعدد پیش رفتوں کو نمایاں کرتی رہی ہے۔
کونسل کی سرکاری ویب سائٹ پر نمایاں کیے گئے اقدامات میں 7؍ سیمنٹ پلانٹس شامل ہیں، جن میں تقریباً 700؍ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ سمبڑیال، کھاریاں ایم 12؍ موٹروے منصوبے کی بحالی، تجارتی جہاز سازی کا ایک منصوبہ اور مقامی سطح پر کروم بُک کی اسمبلنگ لائن کا قیام بھی شامل ہے۔
کونسل نے کارپوریٹ بنیادوں پر زرعی فارمنگ، معدنیات کی تلاش، قابلِ تجدید توانائی اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع کی بھی نشاندہی کی ہے۔
توقع ہے کہ جامع رپورٹ اس بات کا زیادہ واضح جائزہ پیش کرے گی کہ ان میں سے کتنے اقدامات حقیقی سرمایہ کاری میں تبدیل ہوئے، کتنا سرمایہ خرچ کیا گیا، کن منصوبوں کے مالیاتی معاملات حتمی شکل اختیار کر چکے ہیں اور کتنے منصوبے تعمیر یا تجارتی سرگرمیوں کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ایس آئی ایف سی کے پالیسی اقدامات کا احاطہ بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ضابطہ جاتی اصلاحات کے اقدامات کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔
یہ عمل آئی ایم ایف کے گورننس اور بدعنوانی سے متعلق تشخیصی جائزے کے تناظر میں بھی اہمیت رکھتا ہے، جس میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے فیصلوں کے حوالے سے شفافیت اور جوابدہی کے زیادہ مضبوط انتظامات کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
