پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کے بجائے ماہانہ ردوبدل کیا جائے، پیٹرول پمپ مالکان کا وزیراعظم سے مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کرنے کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کا تعین کیا جائے، کیونکہ قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیراعظم کے نام ارسال کیے گئے خط میں آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کے کاروباری معاملات متاثر ہو رہے ہیں اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل سے کاروباری منصوبہ بندی اور تیل کے ذخائر کا انتظام کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جس سے پیٹرول پمپ آپریٹرز کے لیے کاروبار چلانا ایک چیلنج بن گیا ہے۔
نعمان علی بٹ کے مطابق جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو پیٹرول پمپ مالکان کو پہلے سے زیادہ قیمت پر خریدے گئے تیل کو نئی کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں براہ راست مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے موجودہ فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور اس کے بجائے ماہانہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار متعارف کرایا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ماہانہ بنیادوں پر تعین کرنے سے پیٹرول پمپ مالکان کو کاروباری استحکام حاصل ہوگا، جبکہ تیل کے ذخائر کی خریداری، فروخت اور انتظامی معاملات کی منصوبہ بندی بھی آسان ہو جائے گی۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ماہانہ قیمتوں کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
