میرا پاکستان چھوڑنے کو دل نہیں چاہ رہا: غیر ملکی سیاح آبدیدہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فلپائنی سوشل میڈیا انفلوئنسر رینا گارسیا نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والی محبت اور مہمان نوازی پر جذباتی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا پاکستان چھوڑنے کو دل نہیں چاہ رہا۔

رینا گارسیا جو سوشل میڈیا پر ’آتے رینا جی‘ کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پاکستان سے روانگی کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان آنے والے سیاحوں کو خبردار رہنا چاہیے کیونکہ یہاں سے واپس جانا بہت مشکل ہے، میں لوگوں اور جگہوں سے بہت جلد جذباتی وابستگی محسوس کر لیتی ہوں۔

رینا گارسیا نے کہا کہ لوگ پاکستان چھٹیاں گزارنے آتے ہیں لیکن یہاں کے پہاڑوں، کھانوں اور سب سے بڑھ کر لوگوں کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ میں پاکستان ایک سیاح کی حیثیت سے آئی تھی لیکن یہاں سے خوبصورت یادیں، ناقابلِ فراموش تجربات اور محبت سے بھرا دل لے کر واپس جارہی ہوں۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے میرے دل میں ایک خاص جگہ بنا لی ہے اور یہ میرا آخری دورہ نہیں ہو گا۔

پاکستان بہترین کیوں؟ غیر ملکی سیاح نے بتا دیا

ویڈیو میں رینا نے کہا کہ میرا پاکستان چھوڑنے کو دل نہیں چاہ رہا، یہاں کے لوگ انتہائی مہربان ہیں اور ایسا سلوک کرتے ہیں جیسے میں ان کے خاندان کا حصہ ہوں یا کوئی شہزادی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سفر کے دوران ملنے والے تحائف نے بھی اخراجات کم کر دیے اور زیادہ پیسے خرچ نہیں کرنے پڑے۔

رینا گارسیا نے اپنے مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان ضرور آئیں کیونکہ یہاں کے مقامات کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں سے بھی محبت ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ رینا گارسیا کے انسٹاگرام پر 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد جبکہ ٹک ٹاک پر 40 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔

WhatsApp
Get Alert