ایک دوسرے سے دست وگریباں ہیں، بس ننگی گالیوں کی کسر ہے، خواجہ آصف کا پی ٹی آئی پر طنز
یہ عمران خان کو کیا چھڑائیں گے، ان کی صلاح ہے وہ اندر ہی رہے کیوں کہ دوکانداری چل رہی ہے؛ وزیر دفاع کی ایکس پوسٹ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اندرونی صورتحال، قیادت کے باہمی اختلافات اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما خود عمران خان کو چھڑانے کی سکت نہیں رکھتے کیونکہ ان کی اپنی پارٹی اندرونی طور پر آپس میں دست و گریباں ہے۔
اس حوالے سے خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری پارٹی اس وقت آپس میں الجھی ہوئی ہے اور صورتحال یہ ہے کہ صرف ایک دوسرے کو ننگی گالیاں دینے کی کسر باقی رہ گئی ہے، ایسی صورتحال میں ان کی صلاح یہی ہے کہ بہتر ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر ہی رہیں کیونکہ ان کے اندر رہ جانے سے باہر بیٹھے رہنماؤں کی دکانداری اچھے طریقے سے چل رہی ہے۔
یہ عمران کو کیا چھڑائیں گے۔ ساری پارٹی ایک دوسرے سے دست وگریباں بس ننگی گالیاں دینی کی کسر ھے۔ انکی صلاح ھے وہ اندر رہے ۔ دوکانداری چل رہی ھے۔ ایسے حمایتی اور پارٹی رہنما عمران خان کے لئے قید سے بڑی سزا ہے۔ جو باہر بیٹھے مجاھدین ھیں وہ ڈالر چھاپ رہے ھیں پاکستان میں تھے تو یہاں بھی نوٹ چھاپ رہے تھے کھلا کھا رہے تھے۔ یہ قدرت کی سزا ھے مکافات عمل ھے عمران خان نے ساری زندگی کسی سے وفا نہیں کی۔ نہ دوستوں سے نہ چاہنے والوں سے نہ کسی نظریے سے۔ اسکا ایک ھی نظریہ اور اصول ھے ۔۔۔۔
مینوں نوٹ دکھاؤ میرا موڈ بناؤ— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 16, 2026
وفاقی وزیر نے بیرونِ ملک اور ملک کے اندر موجود پی ٹی آئی کے حامیوں اور رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خود کو باہر بیٹھے مجاہدین کہلاتے ہیں وہ درحقیقت ڈالر چھاپ رہے ہیں اور جب وہ پاکستان میں تھے تب بھی یہاں نوٹ چھاپ رہے تھے اور مزے سے کھلا کھا رہے تھے، ایسے حامی اور پارٹی رہنما عمران خان کے لیے قید سے بھی بڑی سزا بنے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدرت کی سزا اور مکافاتِ عمل ہے کیونکہ انہوں نے ساری زندگی کسی کے ساتھ وفا نہیں کی، نہ اپنے دوستوں سے، نہ چاہنے والوں سے اور نہ ہی کسی نظریے کے ساتھ مخلصی دکھائی، ان کا پوری زندگی میں صرف ایک ہی نظریہ اور اصول رہا ہے کہ ’مینوں نوٹ دکھاؤ میرا موڈ بناؤ‘۔
