27ویں ترمیم باہمی رضامندی یا اتفاق رائے سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، بلاول کا الزام


کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر انتہائی سخت اور دوٹوک مؤقف اپنایا ہے، انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کسی اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرائی گئی، نظام کی خرابی پر بات ہورہی ہے اصل وجوہات پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے 27ویں آئینی ترمیم پر کھل کر بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس اہم آئینی عمل کو اتفاق رائے سے طے کرنے کے بجائے طاقت اور جبری اکثریت کے بل بوتے پر منظور کروایا گیا، یہ کیسا عجیب ملک ہے جہاں 1947ء سے لے کر آج تک جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل جاتا ہے، اور جو جیل جاتا ہے وہ پھر کل کو وزیراعظم ہاؤس میں جا کر بیٹھ جاتا ہے، تم ہمارے ساتھ نسل در نسل یہی سب کرتے آ رہے ہو اور پھر حیرت سے پوچھتے ہو کہ سسٹم کولیپس کیوں ہوگیا؟ کمر تم نے خود توڑی اور پھر پوچھتے ہو کہ گرے کیوں؟۔
ملکی نظام کو بدلنے یا ریفرنڈم کرانے کی تجاویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کی تجویز دینا دراصل کسی غیر آئینی طریقے کو تلاش کرنے کے مترادف ہے، محسن بھائی کرنا کیا چاہتا ہے؟ ہم ہر غیر آئینی طریقے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، سسٹم کے کولیپس ہونے کا جو علاج تجویز کیا جا رہا ہے، وہ اس اصل مرض کا علاج ہے ہی نہیں جس کی وجہ سے یہ نظام تباہ ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر انسان سے غلطی ہو سکتی ہے لیکن وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ ان ماضی کی غلطیوں کو فوری طور پر درست کیا جائے، یہ بات تو تسلیم شدہ ہے کہ لاہور سے شروع ہو کر سسٹم کولیپس ہوچکا لیکن یہ کوئی نہیں سوچتا کہ یہ نظام آخر کیوں اور کیسے کولیپس ہوا؟ آج نظام میں جو بھی اہم عہدوں پر بیٹھا ہے، وہ مولانا فضل الرحمان کی قربانیوں کی بدولت ہے، اس لیے کم از کم اس بات کا لحاظ اور حیا ہونی چاہیئے۔
حکومت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزیراعظم کا اپنا وزیر ہی وزیراعظم کو کمزور کر رہا ہے اور پھر یہ شکوہ کیا جاتا ہے کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے، وزیراعظم کے پاس کم از کم اتنا اختیار تو ضرور ہونا چاہیے کہ وہ اپنے ماتحت وزیر کو کنٹرول کر سکے، ہماری اور آپ کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم حکمرانوں کو بار بار یاد دلائیں کہ وہ اقتدار میں عوام کی خدمت کرنے بیٹھے ہیں نہ کہ کسی کو خوش کرنے کے لیے حکومت میں ہیں۔

WhatsApp
Get Alert