بلوچستان میں میڈیا شٹ ڈاؤن اور صحافیوں کا استحصال کسی صورت قبول نہیں، اسمبلی میں قرارداد پاس کروائیں گے: پارلیمانی رہنما
پی ایف یو جے اور بی یو جے کی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں، 23 اور 24 نومبر کے دھرنے میں بھی شریک ہوں گے: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، میر اسد اللہ بلوچ، مولانا ہدایت الرحمٰن کا گول میز کانفرنس سے خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی بندش و تاخیر سے ادائیگی، بلوچستان میں ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش، آزادیِ اظہارِ رائے پر عائد پابندیوں اور صحافیوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کی احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے فلور پر صحافیوں کی آواز بن کر ان کے مسائل اجاگر کیے جائیں گے اور اس ضمن میں اسمبلی کے رواں سیشن کے دوران متفقہ قرارداد بھی منظور کروائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ و رکن اسمبلی میر اسد اللہ بلوچ، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کے زیرِ اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے صدر بی یو جے منظور احمد رند، صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید، سابق صدر پی ایف یو جے و ممبر ایف ای سی شہزادہ ذوالفقار، سابق سینئر نائب صدر پی ایف یو جے و ممبر ایف ای سی سلیم شاہد اور جنرل سیکرٹری بی یو جے شاہ حسین ترین نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ملک امین اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ سمیت دیگر سیاسی و صحافتی شخصیات بھی شریک تھیں۔
گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی رہنماؤں نے پی ایف یو جے اور بی یو جے کے چارٹر آف ڈیمانڈز کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں میڈیا پر پابندیاں عائد کر کے آزادیِ اظہارِ رائے سلب کر لی گئی ہے، جبکہ پیکا ایکٹ کے تحت مخالفین کو دبانے اور صحافیوں کی آواز بند کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ طاقتور قوتوں نے پہلے پارلیمنٹ کی بالادستی ختم کی، پھر 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ اور اب پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا پر وار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں؛ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام، آئین و قانون کی حکمرانی اور مظلوم طبقات کے حقوق کے لیے صحافیوں نے قربانیاں دی ہیں، جیلیں کاٹیں اور کوڑے کھائے جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
سیاسی رہنماؤں نے قومی میڈیا پر بلوچستان کو نظرانداز کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو وہ کوریج نہیں دی جا رہی جو ملک کے بڑے صوبوں کو حاصل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتیں صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، ان کے ساتھ احتجاجی دھرنے میں بھی بیٹھیں گی اور ضرورت پڑی تو جیل بھی جائیں گی، کیونکہ بلوچستان میں میڈیا شٹ ڈاؤن اور صحافیوں کا معاشی استحصال کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پارلیمانی رہنماؤں نے یقین دہانی کرائی کہ بی یو جے کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قرارداد پر دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کر کے اسے رواں سیشن میں اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔
اس سے قبل صحافتی قیادت منظور احمد رند، عرفان سعید، شہزادہ ذوالفقار، سلیم شاہد اور شاہ حسین ترین نے شرکاء کو بلوچستان کی صحافت کو درپیش سنگین بحران سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں ایک ایک کر کے تمام ٹی وی چینلز اپنے بیورو دفاتر بند کر رہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں کے دوران کوئٹہ میں 11 ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر بند کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات سے جبری برطرفیوں کے ذریعے اب تک 122 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کیا جا چکا ہے، جبکہ کئی کئی ماہ تک تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں اور پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔ صحافتی رہنماؤں نے بتایا کہ اس صورتحال کے خلاف پی ایف یو جے کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے تسلسل میں 23 اور 24 نومبر کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ قائم کر کے دھرنا دیا جائے گا۔
