بلوچستان ابوظبی بننے جا رہا ہے، پنجاب میں 80 سال میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی 2 سالوں میں ہوئی ہے، کیپٹن (ر) صفدر

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ بلوچستان ابوظبی بننے جا رہا ہے، پنجاب میں 80 سال میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی 2 سالوں میں ہوئی ہے۔

چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز کی پنجاب حکومت کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی حکومت کامیابی کی طرف جاتی ہے تو اس کے خلاف سازشیں ہوتی ہیں، وزیر اعلیٰ کے ساتھ پورا پنجاب کھڑا ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ چوہدری سالک حسین چھوٹے بھائی ہیں، گھر میں بہن بھائیوں میں باتیں ہوتی رہتی ہیں، مریم نواز کے خلاف عدم اعتماد کی باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 80 سال میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی 2 سالوں میں ہوئی ہے، پنجاب پورے ملک میں گندم سپلائی کرتا ہے جبکہ سندھ کی گندم سندھ میں ہی استعمال ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے محترم ہیں، وہ مثیاق جمہوریت پر عمل پیرا رہیں گے تو کوئی راہیں جدا نہیں ہو رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے بہت سی حکومتیں بنائیں اور ختم ہوئیں، ان کے پاس کچھ نہ کچھ ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ گوادر میں زمینوں پر قبضے واگزار کروائے جائیں گے بلوچستان ابوظبی بننے جا رہا ہے، نواز شریف کے وژن پر عمل ہوا تو جلد بلوچستان میں لوگ کاروبار کریں گے اور دنیا سے لوگ آئیں گے۔

WhatsApp
Get Alert