غبرگ اور ملحقہ دیہات کا تاریخی عوامی راستہ بند رکھنا اجتماعی سزا ہے، فی الفور کھولا جائے: پشتونخوا نیپ

کلی غیبزئی اور کلی عبدالزئی کے مکین 3 کلومیٹر طویل متبادل راستہ اختیار کرنے پر مجبور، طلباء و مریض شدید اذیت سے دوچار ہیں، کمشنر کوئٹہ نوٹس لیں: صوبائی سیکرٹریٹ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ کے علاقے غبرگ، کلی غیبزئی اور کلی عبدالزئی کے درمیان واقع قدیمی اور تاریخی عوامی راستے کی گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل بندش پر شدید تشویش اور سخت احتجاج کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طویل عرصے سے عوام کے زیرِ استعمال اس اہم گزرگاہ کو بند رکھنا علاقے کے ہزاروں مکینوں کو بنیادی شہری سہولیات اور آمدورفت کے آئینی حق سے محروم کرنے کے مترادف ہے، جس کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات، ذہنی اذیت اور پریشانیوں سے دوچار ہے۔
صوبائی سیکرٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مذکورہ تاریخی راستے کی بندش سے بالخصوص تعلیمی اداروں کو جانے والے طلباء، مریضوں، بزرگوں، خواتین اور روزانہ آمدورفت کرنے والے محنت کش شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راستہ بند ہونے کے باعث شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے تقریباً تین کلومیٹر طویل متبادل راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہو رہے ہیں بلکہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو بروقت اسپتال اور طبی امداد تک پہنچانا بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
بیان میں دوٹوک مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیکیورٹی کے نام پر عوام کے ایک قدیمی اور بنیادی آمدورفت کے راستے کو کئی ماہ تک بند رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں؛ اگر سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشات یا مسائل درپیش ہیں تو ان کا حل ایسے مؤثر اقدامات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے جن سے شہریوں کی روزمرہ زندگی، معمولات اور بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے صوبائی حکومت، متعلقہ اداروں، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو اجتماعی سزا دینے کا سلسلہ بند کرتے ہوئے غبرگ، کلی غیبزئی اور کلی عبدالزئی کے درمیان واقع تاریخی عوامی راستے کو مزید کسی تاخیر اور حیلے بہانوں کے بغیر فوری طور پر کھولا جائے، بصورت دیگر عوامی مسائل کے حل میں مزید غفلت اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert