ملک میں آئین کی بحالی و بالادستی کیلئے 2 دسمبر کا جلسہ سنگِ میل ثابت ہوگا: پشتونخوامیپ
محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پارلیمنٹ کی خودمختاری، حقیقی فیڈریشن اور پشتون قومی وحدت کی جدوجہد تیز ہوگی، خان شہید کی برسی کی تیاریوں کیلئے کوئٹہ تحصیل صدر کے مختلف یونٹوں کے اجلاس

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری لیبر حبیب الرحمٰن بازئی، صوبائی سیکرٹری ثقافت سردار حیات میرزئی اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز دوست محمد لونی، حفیظ ترین و اقبال بٹے زئی نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کی بحالی و بالادستی کے لیے 2 دسمبر کا جلسہ عام ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے محبوب چیئرمین، ملی مشر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی کی قیادت میں آئین کی بالادستی، پارلیمان کو طاقت کا حقیقی سرچشمہ بنانے، جمہور کی حکمرانی، تمام ریاستی اداروں کو آئینی دائرہ اختیار کا پابند بنانے، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، متصل پشتون علاقوں پر مشتمل پشتون قومی وحدت اور مادری زبان پشتو کو قومی زبان کا درجہ دلانے کی جمہوری جدوجہد کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53ویں برسی کا جلسہ عام نئی تقویت بخشے گا۔ رہنماؤں نے کوئٹہ کے غیور، وطن دوست اور جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی کہ وہ 2 دسمبر کو دوپہر ایک بجے ایوب اسٹیڈیم فٹبال گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں ماضی کے جوش و جذبے کے تحت بھرپور شرکت کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی تحصیل صدر میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53ویں برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ مختلف علاقائی یونٹوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جن سے ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی اور تحصیل صدر کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق خان شہید علاقائی یونٹ کمیٹی کا اجلاس علاقائی سیکرٹری صداقت خان اچکزئی کی صدارت میں غلام جان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں صوبائی ایگزیکٹیو اراکین دوست محمد لونی، اقبال خان بٹے زئی، تحصیل سیکرٹری نعیم پیرعلیزئی، مطیع اللہ خان اور قاسم خان سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خیزئی علاقائی یونٹ کمیٹی کا اجلاس علاؤالدین اچکزئی کی صدارت میں ہوا جس میں دوست محمد لونی، اقبال خان بٹے زئی، ضلعی معاونین اکبر خان خروٹی، جمیل تارن، نعیم پیرعلیزئی اور اسرار خان شریک ہوئے۔ نواں کلی خلجی آباد علاقائی کمیٹی کا اجلاس روزی خان خلجی کی صدارت میں منعقد ہوا جس سے سردار حیات خان میرزئی، حفیظ ترین، اکرم خان خلجی اور ملک اعظم بازئی نے خطاب کیا، جبکہ خدائے رحیم ناصر کوٹوال علاقائی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت حمید اللہ مشوانی نے کی جس میں سردار حیات خان میرزئی، حفیظ ترین، اکرم خان خلجی اور تحصیل صدر ایگزیکٹیو حاجی اسلام ترکی سمیت کارکنان موجود تھے۔
اسی سلسلے میں پشتون باغ اول شہید نادر پہلوان علاقائی کمیٹی کا اجلاس علاقائی سینئر معاون سیکرٹری باچا خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس سے صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، ضلع معاون ادریس اچکزئی، تحصیل سیکرٹری نعیم پیرعلیزئی اور باچا خان نے خطاب کیا۔ احمد شاہ بابا پشتون باغ اول علاقائی یونٹ کمیٹی کا اجلاس خالد خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا جس میں دوست محمد لونی، اقبال خان بٹے زئی، ضلعی کمیٹی کے رکن حاجی غلام نبی، نعیم پیرعلیزئی اور تحصیل معاون سہیل خان شریک ہوئے۔ اولس یار شہید علاقائی یونٹ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس خلیل خان کی صدارت میں حاجی یونس شمشوزئی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں دوست محمد لونی، اقبال خان بٹے زئی، ضلعی ایگزیکٹیو رکن ادریس خان اور نعیم پیرعلیزئی نے شرکت کی، جبکہ ملی رہبر کلی طور خان علاقائی کمیٹی کا اجلاس پشتون ولی اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سردار حیات خان میرزئی، حفیظ ترین اور تحصیل معاون حاجی موسیٰ خان اچکزئی شریک تھے۔
مزید برآں زرغون آباد علاقائی یونٹ کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمٰن بازئی اور تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت خان بازئی سمیت کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحصیل صدر سے منسلک ہنہ اوڑک علاقائی کمیٹی کا اجلاس علاقائی سیکرٹری صادق خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ضلعی کمیٹی کے رکن حاجی عبدالعلیم اور تحصیل صدر اطلاعات سیکرٹری فتح اللہ خان شریک ہوئے اور صادق خان نے صدارتی خطاب کیا، جبکہ کلی عمر علاقائی یونٹ کے اجلاس سے حبیب الرحمٰن بازئی، ماسٹر خان محمد کاکڑ، راحت بازئی اور عبدالخالق بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے 2 دسمبر کے جلسہ عام کو تاریخی طور پر کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
