حافظ حمداللہ کی بلوچستان میں حکومتی رٹ نہ ہونے اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تنقید، صوبے کی شاہراہیں غیر محفوظ قرار
نئے صوبوں کے قیام اور صدارتی نظام کی کوششیں جمہوری و آئینی اصولوں کے منافی ہیں، صوبائی حقوق اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جائے، حافظ حمداللہ

نصیرآباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دے رہی، صوبے کی تمام اہم شاہراہیں غیر محفوظ ہوچکی ہیں جبکہ امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ صوبے میں گڈ گورننس کے بلند و بانگ دعوے حقیقت کے برعکس ہیں، حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو یہ دعوے سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہیں بلوچستان کے معدنی و قدرتی وسائل وفاق کے ہاتھوں لوٹے جا رہے ہیں جبکہ صوبے کے عوام آج بھی احساسِ محرومی، معاشی بدحالی اور پسماندگی کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تجوید القرآن ستاریہ ڈیرہ مراد جمالی آمد کے موقعے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جمعیت کے ضلعی امیر مولوی دین محمد جتک سرپرست حاجی محمد بخش بنگلزئی حاجی رحمت اللہ بنگلزئی مولانا عبد القیوم نیچاری میر حفیظ جتک قاری عبد الستار بنگلزئی مفتی حفیظ اللہ جتک مولوی عبدالفتاح حاجی لعل خان ساسولی حافظ عبد الرشید ساسولی مولوی احسان اللہ لہڑی سمیت دیگر موجود ہیں حافظ حمداللہ نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے ریفرنڈم کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو جمہوری اصولوں اور آئینی تقاضوں کے منافی ہیں بظاہر ان اقدامات کے ذریعے 28ویں آئینی ترمیم کی راہ ہموار کرنے صوبوں کے آئینی اختیارات محدود کرنے اور ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کی کوششیں کی جا رہی ہیں ایسے غیر آئینی اقدامات ملک میں جمہوری عمل کو کمزور اور وفاقی اکائیوں کے درمیان بے چینی پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن کی جانب سیخیبرپختونخوا میں گورنر راج کی کھل کرمخالفت کرنے کیبعد جمعیت علمائے اسلام کے اکابرین کے خلاف مبینہ طورپر جھوٹی اورمن گھڑت کرپشن کی فائلیں کھول کر انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں سیاسی اختلافات کی بنیاد پر دبا ڈالنے اور سیاسی قوتوں کو دیوار سے لگانے کی روش جمہوری اقدار کے منافی ہے۔حافظ حمداللہ نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کسی غیر آئینی اقدام کے سامنے خاموش نہیں رہے گی انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے صوبوں اور ملکی معاملات کے حوالے سے دیے گئے بیان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ملک اس وقت سیاسی، معاشی اور انتظامی چیلنجز سے دوچار ہے ایسے حالات میں مزید سیاسی و آئینی تجربات کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتاملک کے استحکام،قومی یکجہتی اور جمہوری تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ آئین کی روح کے مطابق تمام فیصلے کیے جائیں اورصوبوں کے حقوق و اختیارات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔
