نئے صوبوں کی تشکیل پر ریفرنڈم کروانے میں کوئی حرج نہیں: عطاء اللّٰہ تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر حکومت کا مؤقف واضح ہے، اس حوالے سے عوامی رائے لی جانی چاہیے، اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیں تو صوبے بنا دیے جائیں اور اگر مخالفت کریں تو ایسا نہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ عوامی رائے کا راستہ ہموار کیا جائے اور فیصلے عوام کی مرضی کے مطابق ہونے چاہئیں، ریفرنڈم کروانے میں کوئی حرج نہیں، آئین میں قومی اہمیت کے کسی بھی معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی شق واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پورے ملک میں بحث جاری رہنی چاہیے اور عوامی رائے طلب کی جانی چاہیے، عوامی رائے سامنے آنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ آگے کیا کرنا ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ گزشتہ روز صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِاعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی تھی جس میں مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنے پر بات چیت ہوئی۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے الیکشن کمیشن میں پیشی کے معاملے پر کہا کہ گوجرانوالہ میرا آبائی شہر ہے اور ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکریٹری کی دعوت پر میں نے وہاں کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دعوت انتخابی شیڈول جاری ہونے سے پہلے دی گئی تھی اور دورے کے دوران وہاں کوئی امیدوار موجود نہیں تھا، اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معذرت کر لی ہے۔

WhatsApp
Get Alert