اقرار الحسن پر فردِ جرم عائد کر دی گئی

کراچی(قدرت روزنامہ) عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے درج مقدمے میں اینکر پرسن اقرار الحسن پر فردِ جرم عائد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں اینکر اقرار الحسن کے خلاف این سی سی آئی اے میں درج کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزم اقرار الحسن پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کی، تاہم انہوں نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو مسترد کر دیا۔

عدالت نے آئندہ پیشی پر استغاثہ کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر شواہد پیش کیے جائیں، جبکہ ملزم کو بھی عدالت میں اپنی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

دورانِ سماعت اقرار الحسن کے وکلا کی جانب سے تفتیشی ادارے کی تحویل میں لیے گئے موبائل فون کی واپسی کے لیے درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد موبائل فون واپسی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو پیر کے روز سنائے جانے کا امکان ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ درخواست پر فیصلہ پیر کو سنایا جائے گا اور امید ہے کہ اس دوران موبائل فون کی فرانزک رپورٹ بھی موصول ہو جائے گی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

WhatsApp
Get Alert