وزیراعلیٰ بلوچستان کا قلعہ عبداللہ سے جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کا حکم
بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات اور دیگر منظم جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت، محکمہ داخلہ ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ سے جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کا حکم دیتے ہوئے ضلع میں امن و امان کی بحالی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر کارروائیاں کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خاتمے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں پائیدار امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قلعہ عبداللہ میں بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ضلع کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات کریں اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور اقدامات سے متعلق ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس میں قلعہ عبداللہ میں پائیدار امن کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ متعلقہ ڈویژن کے کمشنر، ڈی آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنرز بھی اجلاس میں شریک تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے منظور شدہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
