فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخواہ پولیس کی بہادری کو بھی سراہتے ہوئے اسے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف صف اول کی بہادر فورس قرار دیا، آئی ایس پی آر

میرانشاہ(قدرت روزنامہ)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاری، مہارت اور وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری کو بھی سراہتے ہوئے اسے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف صف اول کی بہادر فورس قرار دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ اور خیبر پختونخوا میں مشکل سے حاصل ہونے والے امن و استحکام کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔
