’شادی کروں گا تو دھوم دھام سے کروں گا‘، عاصم اظہر نے افواہوں کی تردید کر دی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر اپنی خفیہ منگنی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اصل حقیقت واضح کر دی۔
حال ہی میں گلوکار کی چند تصاویر وائرل ہوئیں جن میں وہ کریم رنگ کے روایتی لباس میں ایک خاتون کے ساتھ بیٹھے دکھائی دیے جبکہ خاتون نے ہلکے سبز رنگ کا عروسی جوڑا پہن رکھا تھا۔
تصاویر میں شادی کی مناسبت سے سجاوٹ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں کہ عاصم اظہر نے خفیہ طور پر منگنی کر لی ہے۔
تاہم گلوکار نے انسٹاگرام اسٹوری پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تصاویر ایک فوٹو شوٹ کی تھیں جو کسی نے سیٹ سے لیک کر دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے تشہیری حربوں کا شوق نہیں اور جب بھی ان کی منگنی ہو گی تو وہ دھوم دھام سے کریں گے۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر اس سے قبل اداکارہ میرب علی سے منگنی کر چکے ہیں، تاہم بعد میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔
