ماہرہ خان کے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ میں میک اپ کے بدلتے انداز، مداحوں کی توجہ کا مرکز

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ میں مختلف عمروں کے کردار کے مطابق بدلتے میک اپ کے انداز نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی، اداکارہ ڈرامے میں بلقیس بانو عرف بلو کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گرین انٹرٹینمنٹ کے مقبول ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کی ہر قسط کو 2 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا رہا ہے، جبکہ ماہرہ خان کی کردار نگاری کو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔

ڈرامے میں ماہرہ خان کے میک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر نے بلو کی زندگی کے مختلف مراحل کو نمایاں کرنے کے لیے الگ الگ انداز اختیار کیے ہیں۔ ابتدائی مناظر میں بلو کا چہرہ تروتازہ اور روشن دکھایا گیا، بھنوؤں کو نمایاں کیا گیا جبکہ آنکھوں میں کاجل اور ہونٹوں پر لپ لائنر استعمال کیا گیا۔

کہانی میں بلو کی زندگی میں مشکلات آنے اور بالا کے راز افشا کرنے کے بعد اس کا میک اپ سادہ ہوگیا، جس میں قدرتی رنگت اور ہلکا لپ ٹنٹ نمایاں تھا۔ پیر صاحب سے شادی کے بعد بلو کا انداز ایک باوقار پیرنی کے روپ میں بدل گیا، جہاں سادگی کے ساتھ آنکھوں میں کاجل بھی واپس آگیا۔

ڈرامے کے ایک منظر میں اپنے سابقہ محبوب بالا سے ملاقات کے دوران بلو کا نوعمر روپ بھی دکھایا گیا، جس میں ماہرہ خان نے لمبے لہراتے بال کھلے رکھے۔

قسط 17 میں بلو کو ایک پختہ عمر کی خاتون کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جہاں میک اپ کے ذریعے چہرے پر جھریاں اور آنکھوں کے نیچے حلقے نمایاں رکھے گئے، تاکہ کردار کی عمر اور زندگی کے تجربات حقیقت کے قریب دکھائی دیں۔

WhatsApp
Get Alert