مولانا فضل الرحمان کو سیکیورٹی تھریٹ ہے تو سیکیورٹی لازمی فراہم کرنی چاہیے، فیصل کریم کنڈی

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور اگر انہیں سیکیورٹی تھریٹ ہے تو سیکیورٹی لازمی فراہم کرنی چاہیے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک جنگ جاری رہے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چارسدہ میں منعقدہ نیزہ بازی میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوبارہ فروغ دیا جائے گا، تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، صوبے میں نیزہ بازی کے مقابلوں کا دائرہ پورے خیبرپختونخوا تک بڑھایا جائے گا، نیزہ بازی سمیت نوجوانوں کے لیے دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک جنگ جاری رہے گی، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں ایک پرامن صوبہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا، آج صوبے کی صورت حال سب کے سامنے ہے، اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہوتی تو آج صوبے کی صورت حال مختلف ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ان کا احترام کرتے ہیں، اگر انہیں سیکیورٹی تھریٹ ہے تو سیکیورٹی لازمی فراہم کی جانی چاہیے، گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو سہولیات کی فراہمی کے عمل میں تیزی آئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سونے کی غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی بھاری رقم افغانستان منتقل کی جا رہی تھی اور پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی تھی اور صوبے میں غیر قانونی مائننگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گورنر نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو خیبرپختونخوا میں مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے، مائننگ کے شعبے کو قانونی دائرے میں لا کر صوبے کے وسائل سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert