بلوچستان گندم کے سرکاری ذخائر کی عدم دستیابی اور ناقص منصوبہ بندی صوبے کو سنگین غذائی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے ، 5 ارب 75 کروڑ مختص ہونے کے باوجود خریداری نہ ہونا انتظامی نااہلی ہے، : پشتونخوا نیپ
حکومت فوری پاسکو سے گندم خریدے اور اعدادوشمار پبلک کرے: صوبائی سیکرٹریٹ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے صوبے میں گندم کے سرکاری ذخائر کی عدم دستیابی، آٹے کی ممکنہ قلت اور قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خدشات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی عدم توجہی، ناقص منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے نہ کرنے کے باعث بلوچستان کو ایک سنگین غذائی بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ گندم اور آٹا عوام کی بنیادی غذائی ضروریات ہیں مگر افسوس کہ حکومت اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے مسلسل مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
صوبائی سیکرٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ گندم فلور ملز کے لیے بنیادی خام مال ہے اور جب حکومت کے پاس مناسب ذخائر موجود نہ ہوں اور نئی فصل کی آمد تک پیشگی انتظامات نہ کیے جائیں تو اس کا براہِ راست اثر آٹے کی پیداوار، سپلائی اور نرخوں پر پڑتا ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے سے ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جس سے غریب و متوسط طبقے کے خاندان، مزدور، دیہاڑی دار اور کم آمدنی والے افراد بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور ان کی قوتِ خرید ختم ہوتی جا رہی ہے۔
بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں اپنی ضروریات کے مطابق گندم کے ذخائر برقرار رکھنے اور پاسکو سے گندم حاصل کرنے کے لیے بروقت اقدامات کرتی ہیں، لیکن یہاں اس بنیادی ضرورت کے حوالے سے کوئی مؤثر حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔ پارٹی نے انکشاف کیا کہ رواں مالی سال محکمہ خوراک کے لیے گندم کی خریداری کی مد میں 5 ارب 75 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے اور اس ضمن میں سمری دو مرتبہ وزیر اعلیٰ کو منظوری کے لیے بھجوائی گئی، تاہم تاحال عملی طور پر خریداری کا عمل مکمل نہ ہونا حکومتی کارکردگی اور انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مزید برآں صوبائی وزیر خوراک خود اسمبلی کے فلور پر اعتراف کر چکے ہیں کہ صوبے میں گندم کے سرکاری ذخائر موجود نہیں اور سال 2024 سے گندم کی خریداری نہیں کی گئی۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت فوری طور پر پاسکو کے دستیاب ذخائر سے صوبے کی ضروریات کے مطابق گندم کی خریداری کا معاہدہ کرے اور نئی فصل کی آمد تک آئندہ تین سے چار ماہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے۔ پارٹی نے محکمہ خوراک سے مطالبہ کیا کہ گندم و آٹے کی طلب، دستیاب سرکاری و نجی ذخائر اور فلور ملز کی روزانہ پیداواری صلاحیت کے مکمل اعدادوشمار عوام کے سامنے پیش کیے جائیں، فلور ملز کو شفاف طریقے سے گندم فراہم کر کے ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کیا جائے اور وفاقی حکومت درآمدی گندم و دیگر ذخائر میں صوبے کا جائز حصہ یقینی بنائے۔ بیان کے آخر میں واضح کیا گیا کہ آٹا کوئی عام تجارتی شے نہیں بلکہ عوام کی بنیادی غذائی ضرورت ہے اور شہریوں کو بھوک، مہنگائی اور منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
