پی ایس ایل 12کا آغاز پشاور سے ہوگا، چیئرمین پی سی بی کا اعلان

پشاور(ـقدرت روزنامہ)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا ہےکہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کے میچز پشاور میں بھی کھیلے جائیں گے اور افتتاحی میچ بھی پشاور میں ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پشاور کے فینز نے اس وقت کا بہت عرصے سے انتظار کیا ہے، پی ایس ایل کو پشاور لانےکا مقصد اس شہر کی پاکستان کرکٹ کے لیے دی گئی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یقین ہےکہ پشاور کے عوام اس لیگ کا خیرمقدم اسی جوش اور گرم جوشی سے کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔ ٹرائی سیریز اور پی ایس ایل کے میچز کے بعد پشاور میں انٹرنیشنل میچز بھی کرائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ہم نے بھرپور کوشش کی لیکن ممکن نہیں ہوسکا تھا، صوبے کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے نئے راستےکھلیں گے، خیبرپختونخوا میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے،کرکٹ ٹیم میں زیادہ ترکھلاڑی کے پی سے ہیں، قومی ٹیم کا ہر تیسرا کھلاڑی اس صوبےکا ہے، ہمیں اس صوبے میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑی ملتے رہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام گزشتہ حکومت نے تبدیل کیا، ہم دوبارہ اسٹیڈیم کا نام ارباب نیاز بحال کریں گے، سابق حکومت 13 سالوں میں ایک گراؤنڈ نہیں بناسکی۔
