جب تک صحافیوں کا معاشی قتل جاری رہے گا بہتری کا خواب بے سود ہے، کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا

سندھ اور بلوچستان کے بعد پنجاب و کے پی میں دھرنے اور فائنل پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا: افضل بٹ، کوئٹہ میں 11 چینلز بند اور 122 کارکن بے روزگار ہو چکے: منظور رند، سیاسی و سماجی قائدین کی بھرپور شرکت


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی ملک گیر احتجاجی تحریک کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں پی ایف یو جے کے مرکزی قائدین، بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کے عہدیداران، صحافیوں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، وکلاء اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ورکرز کی بلاجواز برطرفیوں اور آزادیِ اظہارِ رائے پر قدغنوں کو جمہوری عمل کے منافی قرار دیا اور واضح کیا کہ خوشحال و پُرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے آزاد صحافت ناگزیر ہے، اور جب تک صحافیوں کا معاشی قتل جاری رہے گا بہتری کا خواب دیکھنا بے سود ہے۔
احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ صحافیوں نے متحد ہو کر ایک بار پھر بھرپور تحریک کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ یہ صرف صحافیوں کا نہیں بلکہ سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں، طلباء اور وکلاء کا بھی مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ کے بعد اب بلوچستان میں احتجاج ہو رہا ہے، جس کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی دھرنے دیے جائیں گے جبکہ فائنل پروگرام اسلام آباد میں ہوگا جو چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک جاری رہے گا۔ افضل بٹ نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز میں جبری برطرفیوں، اعلانیہ و غیر اعلانیہ سینسرشپ، پیکا قانون کے بے رحمانہ نفاذ، مقدمات، گرفتاریوں اور کئی ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے صحافیوں کو شدید ذہنی دباؤ کا شکار کر دیا ہے؛ یہ جنگ دراصل عوام کے حقِ معلومات، جمہوری اقدار اور آئینی آزادیوں کے تحفظ کی جنگ ہے۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف کوئٹہ میں 11 نیوز چینلز نے اپنے بیورو دفاتر مکمل بند کر دیے ہیں جبکہ 122 کے قریب صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو یک جنبشِ قلم برطرف کر دیا گیا ہے، جس سے درحقیقت 122 خاندان نانِ شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو صحافی ملازمتوں پر برقرار ہیں، قلیل تنخواہوں اور من پسند خبروں کی اشاعت کے دباؤ نے انہیں ذہنی مریض بنا دیا ہے، جبکہ پیکا ایکٹ اور جھوٹے مقدمات نے صحافت جیسے مقدس پیشے کو نہایت مشکل بنا دیا ہے۔ کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید نے کہا کہ یہ تحریک ایک ایک میڈیا ورکر کے حقوق کے حصول تک جاری رہے گی؛ آج بلوچستان میں صحافت جس کٹھن دور سے گزر رہی ہے اس کی مثال آمرانہ ادوار میں بھی نہیں ملتی، تاہم صحافیوں نے ماضی میں بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر کے جبر کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

احتجاجی دھرنے سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر احمد شاہوانی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، امیر جماعت اسلامی و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی رہنما عبدالرشید ناصر، سی پی این ای کے نائب صدر شکیل احمد ترابی، مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ ہاشم موسوی، بی این پی عوامی کے رہنما ڈاکٹر یاسر نصیر شاہوانی، بلوچستان بار کونسل کے رکن راحب بلیدی ایڈووکیٹ، پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار زین العابدین خلجی، آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے رہنما و صدر انجمن اتحاد اخبار فروشاں میر احمد راسکو وال، کنزیومر سول سوسائٹی کے چیئرمین خیر محمد شاہین، سکھ کمیونٹی بلوچستان کے چیئرمین سردار جسبیر سنگھ، ویمن رائٹس ایکٹوسٹ فوزیہ شاہین، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ روزینہ خلجی، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید قیوم آغا اور سول سوسائٹی کے رہنما بہرام لہڑی نے بھی خطاب کیا۔
تمام سیاسی، سماجی اور وکلاء رہنماؤں نے صحافیوں کی ملک گیر تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں نے ہمیشہ آمریت، جبر اور آزادیِ اظہار پر پابندیوں کے خلاف صفِ اول میں کھڑے ہو کر قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکا قانون، گرفتاریوں، دھمکیوں اور معاشی مشکلات کے ذریعے صحافیوں کی آواز دبانے کی کوششیں قابلِ مذمت ہیں، کیونکہ آزاد میڈیا کے بغیر کسی بھی معاشرے میں جمہوریت، شفافیت اور عوامی احتساب کا تصور ممکن نہیں، لہٰذا صحافیوں کے معاشی تحفظ، ملازمتوں کے استحکام اور آزادیِ اظہارِ رائے کے لیے تمام جمہوری قوتیں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert