مالدیپ کی قومی ایئر لائن جلد پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین کی ملاقات جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کھیل، صحت، تجارت، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہوگا، پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، براہ راست پروازوں سے مالدیپ میں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔
پہلی براہ راست پرواز میں معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر سلیبریٹیز مالدیپ جائیں گے۔
وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں، ان کی آمد سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے، پاکستان سے افرادی قوت کا خیر مقدم کریں گے۔ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے اسلام آباد کے جدید انفرا اسٹرکچر اور صفائی کے نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور قدرتی مناظر دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، اسلام آباد حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔
مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
