چینی سرکاری کنٹرول سے آزاد، کابینہ نے ڈی ریگولیٹ کرنیکی منظوری دیدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ نے سندھ حکومت کے تحفظات دور ہونے کے بعد آئی ایم ایف کی بڑی شرط پوری کرتے ہوئے شوگر سیکٹرکی ڈی ریگولیشن کیلئے قومی پالیسی کی منظوری دیدی۔
یہ پالیسی آئی ایم ایف کا اسٹرکچرل بینچ مارک ہے، اس پالیسی کے تحت چینی کی قیمتوں پرکنٹرول ختم اور نئی شوگر ملیں لگانے پر پابندی ختم کرنے سمیت چینی کی درآمد اور برآمد میں حکومتی کنٹرول ختم ہوجائیگا جب کہ شوگر ایکسپورٹ سبسڈیز کا بھی خاتمہ کردیا گیا ہے۔
گنے کی قیمت کا تعین مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے بعد وزارت صنعت وپیداوار کی سمری پر شوگر سیکٹرکی ڈی ریگولیشن کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دیدی۔
قومی پالیسی کی منظوری سے کاشت کاروں کو فائدہ ہوگا اور کاروباری مقابلہ بڑھے گا جس سے چینی کی قیمت میں کمی کی امید ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے پہلے بعض اقدامات پر تحفظات ظاہر کیے تھے، آئی ایم ایف نے سندھ حکومت کی رضامندی کو بینچ مارک کی تکمیل کیلئے ضروری قرار دیا۔
بعد ازاں سندھ حکومت نے 21 نومبر 2026 کے خط میں پالیسی مسودے سے اتفاق کرلیا جس کے بعد وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس مقصد کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہی وفاقی وزیر توانائی نے کی، کمیٹی نے کسان تنظیموں، شوگر ملرز اور صوبائی حکومتوں سے متعدد مشاورتی ملاقاتیں کیں، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے پالیسی اقدامات کی توثیق پہلے ہی کر دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور شدہ پالیسی میں درآمد و برآمد کیلئے قابل پیشگوئی میکنزم، برآمدی سبسڈی ختم کرنے ، بین الصوبائی چینی کی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی جب کہ 26-2027 کے کرشنگ سیزن کیلئے عبوری انتظام بھی منظور کیا گیا ہے۔
