پلوشہ خان نے وفاقی وزیر اسد عمر پر چڑھائی کر تے ہوئے سنگین الزام عائد کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ اسد عمر اب کراچی میں ہی تقریریں کرنے کا شوق پورا کریں گے کیونکہ انہیں حلقے کے ووٹرز لالٹینیں لے کر ڈھونڈ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی کراچی میں کی جانے والی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےسینیٹر پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اسد عمر کے حلقے میں بارش اور سیلاب سے انسان ڈوبتے رہے، مرتے رہے مگر وزیر موصوف غائب رہے، اب انہیں جرات نہیں کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کا سامنا کریں۔ پلوشہ خان نے کہا کہ اسد عمر کو پیپلزپارٹی کی نہیں صرف اپنی حکومت اور پارٹی کی فکر کرنی چاہیے کیونکہ ان کی اپنی حکومت ہچکولے کھا رہی ہے اور پاکستا ن تحریک انصاف(پی ٹی آئی) خلاءمیں ہی تحلیل ہو رہی ہے۔

پلوشہ خان نے کہا کہ گندم اور چینی کا بحران پیدا کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں میں اسد عمر سر فہرست ہیں، قومی بنک سے اربوں روپے کی چوری میں بھی اسد عمر سہولت کار تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا فنڈ میں 40ارب روپے کا گھپلا کرنے والوں میں بھی اسد عمر کا نام شامل ہے۔