گیس کا نظام صوبوں کے حوالے کیا جائے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ نون سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گیس کا نظام صوبوں کے حوالے کیا جائے، بصورت دیگر یہ مسائل بڑھتے جائیں گے۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گیس سندھ میں پیدا ہوتی ہے اور اس کا تحفظ آئین دیتا ہے، بدقسمتی سے سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ کا شکار سندھ ہے، گیس کے معاملات کو موجودہ حالات میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے اپنے دور میں صوبوں کا حصہ دوگنا کیا تھا، جتنی رقم نون لیگ دور میں سندھ کو ملی نہ پہلے کبھی ملی اور نہ اب تک ملی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو جوڑنے کے لئے سب سے بڑا منصوبہ موٹروے کا تھا، کراچی کا گرین لائن منصوبہ تین سال پہلے مکمل ہوچکا تھا، صرف گرین لائن کی بسیں آنے میں ساڑھے تین سال لگے، حیدرآباد کے لئے بھی ماس ٹرانزٹ منصوبے کی ضرورت ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے ابھی تک شروع نہیں ہوسکا، یقین دلاتا ہوں یہ کام بھی مسلم لیگ نون ہی کرے گی، سپرہائی وے پر کسی نے کام نہیں کیا تھا، نواز شریف نے سپر ہائی وے پر کام شروع کرایا تھا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں جتنی بجلی نواز شریف کے دور میں لگی پہلے کبھی نہیں لگی، تھر کے پروجیکٹ میں سندھ کی کنٹری بیوشن کا اعتراف کرتا ہوں، تھر کے منصوبے تعطل کا شکار تھے جہاں تکنیکی خرابیوں کو ہم نے دور کیا۔