کھیلوں کے میدان سے ایک اور خوشخبری، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے چیلسی فٹبال کلب خریدنے کی کوششیں شروع کردیں
پشاور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے دنیا کے بہترین فٹبال کلب چیلسی کو اُس کے روسی مالک سے خریدنے کی کوششیں شروع کردیں۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جاوید آفریدی کی ٹیم کلب خریدنے کے لیے گفت و شنید کررہی ہے تاہم جاوید آفریدی سمیت ایشیائی سرمایہ کاروں کے گروپ کو سوئس ارب پتی ہینسجورگ وِس سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس نے دعویٰ کیا ہے کہ ابرامووچ کی جانب سے انہیں چیلسی خریدنے کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔
انگلش فٹبال کلب چیلسی کے روسی مالک رومن ابرامووچ نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ٹیم فروخت کررہے ہیں اور اسی تناظر میں انہوں نے کلب کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے جمعے کی آخری تاریخ مقرر کی ہے کہ وہ اس کلب کے لیے پیشکشیں جمع کرائیں۔2003 سے کلب کے مالک رہنے والے رومن ابرامووچ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ کلب کے لیے کم از کم 2.5 بلین ڈالر کی پیشکش کے منتظر ہیں۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی برنس مین جاوید آفریدی ان چند سرمایہ کاروں میں سے ہیں جنہوں نے یہ کلب خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اپنی خواہش کی تکمیل کے لیے انہوں نے اقدامات بھی شروع کردیے ہیں، جاوید آفریدی کی ٹیم نے بدھ 2 مارچ کی سہ پہر برطانیہ میں کھیلوں اور قانونی ایجنسی کے ساتھ ملاقات کی تاہم جاوید آفریدی سمیت ایشیا سے تعلق رکھنے والا سرمایہ کاروں کا ایک گروپ ہے جو اس کلب کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ان کا ماننا ہے کہ یہ ہی وقت ہے کہ فٹبال کلب میں سرمایہ لگایا جاسکتا ہے، ان کے مطابق ایشیا سے کسی کو آگے آنا چاہیے اور فٹبال کلب میں پیسہ لگانا چاہیے۔