کروڑوں مداحوں کیلئے سرپرائز، فٹبال کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی نے اسلام قبول کر لیا، پہلا پیغام انسٹاگرام پر جاری

ایمسٹرڈیم (قدرت روزنامہ)چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں تین مختلف کلبز کے ساتھ ٹرافی جیتنے والے واحد فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اسلام قبول کرلیا جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے دی۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 45 سالہ سابق فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اپنی ایرانی اہلیہ صوفیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ’’میرے دائرہ اسلام میں شامل ہونے کی خوشی میں، مجھے موصول ہونے والی تمام نیک خواہشات اور اچھے پیغامات کا خصوصی شکریہ۔

سیڈورف نے کہا کہ مجھے دنیا بھر کے تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے دین میں شامل ہونے پر بہت خوشی ہو رہی ہے، خاص طور پر میری پیاری صوفیہ جنہوں نے مجھے اسلام کا مفہوم مزید گہرائی سے سکھایا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنا نام تبدیل نہیں کیا اور میں اپنا یہی نام برقرار رکھوں گا‘‘۔دوسری جانب فٹبالر کی اہلیہ صوفیہ نے بھی انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے لیے خصوصی پوسٹ شیئر کی۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں شوہر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے بہت خوشی اور فخر ہے کہ میں اپنی محبت کے اس خاص اور خوبصورت لمحے کا حصہ ہوں۔ صوفیہ نے کہا کہ دینِ اسلام میں خوش آمدید، آپ ہمیشہ خوش رہیں اور دنیا کو متاثر کرتے رہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میں تُم سے بہت محبت کرتی ہوں‘‘۔