سندھ

مشکوک ہارٹ اٹیک، PIA نے مسافر بلیک لسٹ کر دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)قومی ایئر لائن پی آئی اے نےگزشتہ روز کراچی سے ٹورنٹو کی براہ راست پرواز میں سوار مسافر کو پڑنے والا دل کا دورہ مشکوک قرار دیدیا، ایئر لائن نے مسافر کو بلیک لسٹ کرکے اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے۔
گزشتہ روز کراچی سے اڑان بھرنے والے قومی ایئر لائن کے طیارے میں سوار 33 سالہ مسافر سید وصی نے دوران پرواز دل کے دورے کی شکایت کی۔طیارے میں موجود ڈاکٹر نے بھی بتایا کہ مسافر کو دل کے دورے کی علامات نہیں تاہم طیارے نے واپس کراچی ایئر پورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

ترجمان ایئر لائن نے بتایا کہ مسافر کی جانب سے دل میں تکلیف کی شکایت پر رسک نہ لیتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی، ایئرپورٹ پر طبی امداد دینے والے ڈاکٹر نے بھی دل کا دورہ نہ ہونے کی رپورٹ دی۔کراچی میں مسافر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، مسافر کی اسپتال رپورٹس میں بھی شبہات پائے گئے۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ مسافر سید وصی نے بیان دیا کہ سفر کے دوران اُسے شدید گھبراہٹ ہو رہی تھی، جبکہ ایئر لائن ذرائع کا بتانا ہے کہ مسافر نے روانگی سے قبل دو مرتبہ کنفرم ٹکٹ منسوخ کروائی، مسافر نے سفر جاری نہ رکھنے کیلئے اور واپسی کیلئے دل کے دورے کا بہانہ کیا۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے طیارے کا ایک کروڑ 25 روپے مالیت کا ایک لاکھ کلو ایندھن ضائع کیا گیا، مسافر نے ایئر لائن کو مالی نقصان پہنچایا اور دیگر مسافروں کو بھی تکلیف اور قیمتی وقت ضائع کیا۔ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر سید وصی کینیڈین شہری ہے، اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں