وزیراعلیٰ بلوچستان پر الزام لگانے والے بیمار ذہنیت کے حامل ہیں، فرح عظیم
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا موجودہ صوبائی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے بیان قابل مذمت ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ایک سینئر سیاستدان اور سابق وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا کہ بغیر تحقیق و ثبوت بہتان لگائیں اگر سابق وزیراعظم کے پاس پیسے دیکر صوبائی حکومت تشکیل دینے کا کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔ ترجمان نے کہا کہ الزامات اور بہتان تراشی کی سیاست نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا بلوچستان میں آنے والی سیاسی تبدیلی کی وجہ سابق دور حکومت میں بری طرز حکمرانی اور منتخب نمائندوں کی عزت نفس کا مجروح کیا جانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ صوبائی حکومت کی بری طرز حکمرانی کے باعث عوام میں بے چینی پائی جاتی تھی اور صوبے کے عوام نے تبدیلی کا خیر مقدم کیا۔ ترجمان نے کہا کہ تبدیلی کے عمل میں اراکین صوبائی اسمبلی کئی دن تک محصور رہے جبکہ صوبے کی روایات کو پامال کرتے ہوئے خواتین اراکین اسمبلی کو اٹھایا بھی گیا اگر حکومت کی تبدیلی کے لیئے پیسے خرچ کیئے جاتے تو یہ سب کچھ نہ ہوتا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان واضح طور پر وضاحت کرچکے کہ انہوں نے حکومت کی تبدیلی کے لیئے ایک روپیہ تک خرچ نہیں کیا اور نہ ہی انکے پاس پیسے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پیسے کے لین دین کی سیاست کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں شاید اپنے اسی تجربے اور سوچ کی بنیاد پر وہ ایسے الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان پر پیسے کی بنیاد پر حکومت بنانے کا الزام لگانے والے عناصر بیمار ذہنیت کے حامل ہیں اور ملک کی سیاست میں الزامات اور بہتان تراشی کا رجحان قابل افسوس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد شاہد خاقان عباسی اور الزامات لگانے والے دیگر عناصر کیخلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا، بے بنیاد اور من گھڑت الزام لگانے والے ہتک عزت کے مقدمے کا سامنا کرنے کے لیئے تیار رہیں۔