عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے: فیصل جاوید خان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فیصل جاوید خان نے کہا کہ اب باری ہےکمالیہ کی! آئیے اپوزیشن کو عدم اعتماد لانے پر شکریہ بولیں۔سیینٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ آج جو اپوزیشن نے ہمارے لیے کر دیا ہے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میں نے اپنے 26 سالہ تحریک انصاف کے سفر میں ایسی مقبولیت پہلے کبھی نہیں دیکھی جو عمران خان کی آج ہے۔

فیصل جاوید خان نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ حق کے ساتھ ہے، اب جو بھی ہو جیت پاکستان کی ہے، جیت عمران خان کی ہے۔خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 28 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں سرپرائز دوں گا جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا سرپرائز اسلام آباد جلسے میں استعفے کا اعلان ہو سکتا ہے۔