دبئی ایکسپو 2020 کی اختتامی تقریب میں سعودی ایکسپو 2030 کی تشہیر

دبئی (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جاری بین الاقوامی نمائش ایکسپو 2020 شاندار کامیابیاں سمیٹ کر اختتام پذیر ہو گئی۔ اِس حوالے سے منعقدہ اختتامی تقریب میں سعودی عرب کی جانب سے ایکسپو 2030 کی تشہیری مہم کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چئیرمین فہد الرشید نے اختتامی تقریب کے دوران کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 میں سعودی پویلین نے متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے 29 اکتوبر 2021ء کواعلان کیا تھا کہ سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے باقاعدہ درخواست دی ہے۔ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چئیرمین نے بتایا کہ دبئی ایکسپو 2020 کے دوران لاکھوں وزیٹرز کو سعودی پویلین میں مملکت کی ترقیاتی اسکیموں سے متعارف کرایا گیا۔


انہوں نے کہا کہ ریاض عالمی شہر بننے کا سفر شروع کررہا ہے جس کے لیے تمام توانائیاں بروئے کارلائی جائیں گی۔ دارالحکومت ریاض نئے منصوبوں کے ساتھ ایکسپو 2030 کی میزبانی کےموقع پر پوری سج دھج کا مظاہرہ کرے گا۔
ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چئیرمین فہد الرشید نے بتایا کہ ریاض میں دنیا کا بڑا پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قائم کر رہا ہے، اِس کے علاوہ شجر کاری کا بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کی تکمیل پر ریاض اوپن آرٹ گیلری میں تبدیل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 میں سعودی پویلین میں لاکھوں وزیٹرز کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا بھر کے لوگ مملکت، اس کی ثقافت اور ورثے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چئیرمین فہد الرشید نے کہا کہ مملکت شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی قیادت میں تبدیلی کا سفر طے کر رہی ہے۔ ریاض رائل کمیشن دارالحکومت میں تبدیلی کے مشن کا ذمہ دار اور ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی مہم کا سربراہ ہے۔

واضح رہے کہ ایکسپو 2030 کی میزبانی کی دوڑ میں پانچ ممالک سعودی عرب، جنوبی کوریا، اٹلی، یوکرین اور روس شامل ہیں۔