اب مستقبل بلاول بھٹو زرداری کا ہے، منظور وسان کی بڑی پیش گوئیاں

کراچی(قدرت روزنامہ)مشیر زراعت منظورحسین وسان نے نئی پیش گوئیاں کردیں، انہوں نے کہا کہ اب مستقبل بلاول بھٹو زرداری کا ہے، بلاول بھٹو نوجوان ہے اس نے ہی وزیراعظم بننا ہے باقی عمران خان اور نواز شریف ستر سال کراس کر چکے ہیں۔انہوں نے پیشگوئی کی کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کو کسی سے خطرہ نہیں ہے، اگلے سال کے اگست تک حالات تبدیل ہوں گے، بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں، پی ٹی آئی جس تیزی سے اقتدار میں آئی ہےاسی تیزی سے 2013 کی طرح پوزیشن پر واپس آئے گی۔منظور وسان نے کہا کہ جی ڈی اے کانام ختم ہوجائیگا، فنکشنل لیگ بحال ہونے کا جلد اعلان کیاجائے گا۔

منظور وسان نے کہا کہ الیکشن سےپہلے بہت سے لوگ پی ٹی آئی چھوڑکر دوسری پارٹیوں میں جائیں گے, مشرف والا کھیل کھیلا جائیگا، وقت سے پہلے عمران خان مجبور ہو کرخود الیکشن کا اعلان کریں گے۔

منظور وسان نے وزیرداخلہ شیخ رشید کے حوالے سے پیشگوئی کی کہ شیخ رشید جیسے وزراء دوسری پارٹی میں جائیں گے انکو اپوزیشن میں نہیں اقتدار میں رہنا ہے پارٹی تبدیل کریں گے۔

انہوں نے پیشگوئی کی کہ عمران خان اپنے ہی لوگوں کے خلاف کیسز بنائے گا جو بولے گاوہ پھنسے گا، آگے چل کر عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں اختلاف ہونگے۔

منظور وسان نے یہ پیشگوئی بھی کی کہ نواز شریف کے اوپر کیسز ہیں، ن لیگ میں دو نظریے سامنے آنے سے ن لیگ کو نقصان ہو رہاہے، مولانا نے جو تحریک چلائی کامیاب ہوایہ سال ان کے لئے مشکل رہے گا پکڑدھکڑ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں دھڑا بندی ہوتے دیکھ رہا ہوں، ہوسکتا ہےکہ عمران خان ارلی الیکشن کا اعلان کرے، عمران خان 2022 میں الیکشن کا اعلان کریں گے, عمران خان غلط فہمی کا شکار ہے، عمران خان کو جو لائے ہیں یہ ان کو بھی کچھ نہیں سمجھتا۔