شہر قائد آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا
کراچی (قدرت روزنامہ)شہر قائد آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 تا 40 ڈگری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل جبکہ شمال مغربی گرم ہوا 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر قائد میں گرمی کی لہر 15 مئی تک جاری رہے گی
البتہ آج مطلع صاف رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔واضح رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ہیٹ ویو کی وجہ سے پنجاب، اسلام آباد، کے پی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 07-09 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان میں معمول سے 06-08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے عوام کو گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری خود کو ہیٹ ویو سے بچائیں، ساتھ ہی پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ماہرین نے کہا ہے کہ ضرورت کےتحت گھر سے نکلنا ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں ، محنت کش افراد مشقت کم کردیں ، ہلکے رنگوں والے کپڑے پہنیں ، جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کا عام درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے اور اگر اس سے زیادہ ہو تو اعضا درست انداز میں کام نہیں کرتے ، لو اسی وقت لگتی ہے جب جسم کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجائے اور پھر انسان ہیٹ اسٹروک کا شکارہوجاتا ہے۔ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک جسم میں خون گرم کرتا ہے جس سے خون میں موجود پروٹین پگھلنے لگتے ہیں ، جسم کے اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کےلیے تیزی سے پسینہ خارج ہوتا ہے ، جسم کا پانی کم ہونے سے خون گاڑھا ہونے لگتا ہے اور بلڈ پریشر گرنے لگتا ہے۔