معاشی تباہی کا چہرہ صرف عمران خان ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی تباہی کا چہرہ صرف عمران خان ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ عوام سب جانتے ہیں، اپنے مجرم کو پہچانتے ہیں، معاشی تباہی کا چہرہ صرف عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں ہمیشہ مہنگائی اور کرپشن کم ہوئی ہے، نوازشریف ، شہبازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن نہیں ملک میں صرف انتشار چاہتی ہے، پاکستان جمہوری ملک ہے، اس میں قومی، سیاسی اور عوامی جماعتیں ہیں، ان کی مشاورت سے انتخابات کا فیصلہ ہوگا۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ عمران صاحب اور ان کی جنتری پاکستان میں ایک شخص، ایک جماعت اور ایک سوچ کی حکمرانی چاہتے ہیں، یہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کی حکمرانی کا مطلب فسطائیت اور آمریت ہوتا ہے، یہ بیان اسی منفی غیرجمہوری سوچ کا اظہار ہے۔